بلاول بھٹو کا اسحاق ڈار سے ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ

میرے صاحبزادے کو گرفتار کیا گیا اور خواتین کو گھر سے باہر نکال کر ہراساں کیا گیا، مولانا فضل الرحمان کی گفتگو آپ کی رہائش گاہ کو سیل کرنے اور اہل خانہ کو ہراساں کرنے کی مذمت کرتا ہوں، چیئرمین پیپلزپارٹی کا سربراہ جے یو آئی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے، جس پر بلاول بھٹو نے مولانا کی خیریت دریافت کی۔
اعلامیہ پیپلزپارٹی کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کہا کہ آپ کی رہائش گاہ کو سیل کرنے اور اہل خانہ کو ہراساں کرنے کی مذمت کرتا ہوں۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی خیریت دریافت کی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ سیل کرنے کے معاملے سے آگاہ کیا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے مولانا فضل الرحمان نے اپنی گفتگو میں کہا کہ میرے صاحبزادے کو گرفتار کیا گیا، خواتین کو گھر سے باہر نکال کر ہراساں کیا گیا۔
جس پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اظہار یکجہتی کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آپ کی رہائش گاہ کو سیل کرنے اور اہل خانہ کو ہراساں کرنے کی مذمت کرتا ہوں، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو سے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈارکی زیر قیادت حکومتی وفد کی ملاقات ہوئی ہے۔
بلاول بھٹو کی اسحاق ڈار سے ملاقات والے وفد میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، طارق فضل چوہدری اور بلال اظہر کیانی بھی شامل تھے، سینئر پی پی رہنما شیری رحمان اور نوید قمر بھی ملاقات میں موجود تھے۔ پی پی کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ ملاقات میں پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس اور ممکنہ قانون سازی پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
بلاول بھٹو نے اسحاق ڈار سے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کا ذاتی طور پر نوٹس لینے کی درخواست کردی ہے۔
دوسری جانب صدر آصف زرداری نے وزیرداخلہ محسن نقوی سے لاہور میں ملاقات کی ہے، جس میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر مملکت آصف زرداری ملاقات کیلئے آج لاہور میں وزیرداخلہ محسن نقوی کی رہائش گاہ گئے، جہاں پر محسن نقوی نے صدر مملکت کا پرتپاک استقبال کیا۔
صدر آصف زرداری اور وزیرداخلہ محسن نقوی کے درمیان ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت جمیعت علماء اسلام ف اور مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے بھی اہم گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر ملاقات میں اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان بھی شریک تھے۔

WhatsApp
Get Alert