محسن نقوی کے سسٹم کولیپس کے بیان کے بعد سیاسی جماعتوں میں پینک کی صورتحال پیدا ہوئی، سید محمد علی
آصف علی زرداری مختلف سیاسی جماعتوں اور شخصیات سے ملاقاتیں کر کے آئندہ سیاسی حکمت عملی کے لیے حمایت کا جائزہ لے رہے ہیں، سینئر تجزیہ کار سید محمد علی کا تجزیہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سینئر تجزیہ کار سید محمد علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی کے سسٹم نہ چلنے کے بیان کے بعد تمام سیاسی حلقوں اور جماعتوں میں پریشانی کی صورتحال پیدا ہوئی، جس کے بعد آصف علی زرداری مختلف سیاسی جماعتوں اور شخصیات سے ملاقاتیں کر کے آئندہ سیاسی حکمت عملی کے لیے حمایت کا جائزہ لے رہے ہیں۔
سید محمد علی کا کہنا تھا کہ یہ جو ساری ملاقاتیں اور بھاگ دوڑ چل رہی ہے، اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ جب محسن نقوی صاحب نے کہا کہ یہ سسٹم نہیں چل رہا تو اس وجہ سے تمام سیاسی حلقوں اور سیاسی جماعتوں کے درمیان پریشانی اور پینک کی صورتحال بن گئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ بنیادی طور پر ایک پینک کی صورتحال ہے کہ کیا سسٹم فوری طور پر ری سیٹ تو نہیں ہو جائے گا، تو ہمارے سیاسی مستقبل کا کیا بنے گا۔
جب سے محسن نقوی صاحب نے یہ بات کی ہے، تمام سیاسی جماعتوں کی طرف سے تین ردعمل سامنے آئے ہیں۔
سید محمد علی کے مطابق ایک ردعمل ان لوگوں کا ہے جو اس کی مخالفت کر رہے ہیں کہ یہ نہیں ہو سکتا، اور اس مؤقف کو لیڈ کرنے والے بلاول بھٹو صاحب ہیں۔ پھر انہوں نے کچھ اشارے بھی دیے حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کو کہ میں پھر آپ کے سیاسی مخالفین، چاہے وہ پی ٹی آئی ہو یا جے یو آئی ف، ان سے بھی رابطے کر سکتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اب چونکہ پیپلز پارٹی کا یہ مخالف بیانیہ کام نہیں کر سکا تو آصف علی زرداری خود تمام سیاسی جماعتوں اور شخصیات سے ملاقاتیں کر رہے ہیں، تاکہ وہ اس کے مطابق سیاسی حکمت عملی بنا سکیں۔
سید محمد علی کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری ان ملاقاتوں کے ذریعے یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اس معاملے میں کس کی کتنی حمایت ہے اور اس کے لیے کس کو کیا قیمت ادا کرنا پڑے گی، تاکہ ان تمام ملاقاتوں کے بعد وہ اپنے سیاسی لائحہ عمل کی طرف جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے اندر ایسے ارکان بھی ہیں جن کا تعلق سندھ سے نہیں ہے اور وہ اہم اراکین ہیں۔ وہ بھی سندھ کی تقسیم کے اتنے مخالف نہیں ہیں، جس طرح وہ اراکین مخالف ہیں جن کا تعلق سندھ سے ہے۔
سینئر تجزیہ کار کے مطابق پیپلز پارٹی کے لیے اس وقت کئی چیلنجز موجود ہیں۔ ایک طرف انہیں اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات بہتر رکھنے ہیں تاکہ وہ اقتدار میں رہیں، دوسری طرف وہ سندھ کے ووٹرز اور وہاں اپنی حکومت کو بھی برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کو ملکی حکومت میں اپنے عہدے برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ مختلف صوبوں میں اپنی مقبولیت کو بھی برقرار رکھنا ہے، اور یہ تمام عوامل پارٹی کی سیاسی حکمت عملی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
سید محمد علی نے کہا کہ آصف علی زرداری کی ملاقاتوں میں محسن نقوی کی موجودگی کوئی تشویش کی بات نہیں ہے، بلکہ یہ ابتدائی انگیجمنٹ ہے جس میں وہ وزیر داخلہ کو اپنے اعتماد میں رکھنا چاہتے ہیں۔
