ریفرنڈم میں اگر عوامی رائے منفی آئی تو نئے صوبوں کا موضوع بند ہو جائے گا، طارق فضل چوہدری

اگر ریفرنڈم کا نتیجہ منفی آیا تو نئے صوبوں کا موضوع بند ہو جائے گا، مختلف وزارتوں کے زیرِ التوا بلز میں 28ویں آئینی ترمیم کا کوئی بل شامل نہیں ہے، پیپلز پارٹی حکومتی اتحاد کا حصہ رہے گی۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور کی گفتگو


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات معمول کی تھی، اتحادی قیادت کے ساتھ وقتاً فوقتاً ایسی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی قیادت میں وفد نے بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی، وفد میں اسپیکر قومی اسمبلی، طارق فضل چوہدری اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی شامل تھے، نوید قمر اور شیری رحمان بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ تھے۔
بلاول بھٹو زرداری نے حکومتی وفد کو عزت دی، ان سے خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوئی۔
طارق فضل چوہدری کہا کہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات میں ریفرنڈم پر کوئی بات نہیں ہوئی، پیپلز پارٹی پارلیمان میں اتحادی کی حیثیت سے اپنا بھرپور کردار جاری رکھے گی، پیپلز پارٹی اتحاد کا حصہ رہے گی اور پارلیمانی تعاون جاری رکھے گی، بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، بلاول بھٹو زرداری چاہتے ہیں کہ موجودہ حکومت مدت پوری کرے پاکستان کو درپیش مسائل اور مشکلات کا مل کر مقابلہ کرنے پر اتفاق ہوا۔

بلاول بھٹو زرداری نے میثاقِ جمہوریت پر اپنے عزم کا اعادہ کیا، ملاقات میں وسیع تر سیاسی اور پارلیمانی امور پر خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوئی، ریفرنڈم آئین میں نئے صوبوں کے قیام کے طریقۂ کار کا متبادل نہیں، ریفرنڈم عوام سے براہِ راست پوچھنے کا طریقہ ہے کہ موجودہ حالات میں نئے صوبے بننے چاہئیں یا نہیں، نئے صوبوں کے ممکنہ فوائد اور نظام میں درکار تبدیلیوں پر عوامی رائے لی جا سکتی ہے۔
طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ عوامی رائے منفی آئی تو نئے صوبوں کا موضوع بند ہو جائے گا، مثبت آئی تو اس کے مطابق آگے بڑھیں گے،ریفرنڈم کے وقت اور حتمی فیصلے کا تعین ہونا ابھی باقی ہے، طریقۂ کار بعد میں طے ہوگا، پارلیمان میں قانون سازی اور باہمی تعاون جاری رکھنے پر پیپلز پارٹی سے بات ہوئی، پارلیمانی قانون سازی کمیٹی میں دونوں جماعتوں کے نمائندے اور وزیرِ قانون بھی شامل ہیں۔ مختلف وزارتوں کے زیرِ التوا بلوں پر قانون سازی تیز کرنے پر اتفاق ہوا۔ زیرِ التوا بلوں میں اٹھائیسویں آئینی ترمیم کا کوئی بل شامل نہیں۔

WhatsApp
Get Alert