حالات کچھ نہیں بدلے، ہمارے خلاف کیے گئے اقدامات الٹا پڑ جاتے ہیں، عالیہ کامران
حکومتی وزرا کے بیانات ایک دوسرے کے ساتھ میچ نہیں کر رہے، پہلے تو یہ مانتے ہی نہیں تھے کہ ہم نے مولانا صاحب کو نظر بند کیا، پھر جو مانتے تھے وہ کہتے تھے کہ ہم ان کو اپنی نگرانی میں رکھا ہوا ہے، ان کے اپنے بیانات میں تضاد ہے، رہنما جے یو آئی (ایف) عالیہ کامران کی گفتگو

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)رہنما جے یو آئی (ایف) عالیہ کامران نے سما نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالات کچھ نہیں بدلے، ہمارے خلاف کیے گئے اقدامات الٹا پڑ جاتے ہیں، حکومتی وزرا کے بیانات ایک دوسرے کے ساتھ میچ نہیں کر رہے ۔ پہلے تو یہ مانتے ہی نہیں تھے کہ ہم نے مولانا صاحب کو نظر بند کیا، پھر جو مانتے تھے وہ کہتے تھے کہ ہم ان کو اپنی نگرانی میں رکھا ہوا ہے، ان کے اپنے بیانات میں تضاد ہے،
عالیہ کامران نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف نان کسٹم پیڈ گاڑی سے متعلق الزام جھوٹا اور من گھڑت تھا، اسی لیے گاڑی واپس کر دی گئی، ورنہ گاڑی واپس کیوں کی جاتی، کیوں کہ اس کا کوئی جواز نہیں تھا، جبکہ ہمارے خلاف کیے جانے والے اقدامات اکثر الٹا ان کے اپنے اوپر آ جاتے ہیں۔
عالیہ کامران کا کہنا تھا کہ ہم اس معاملے پر بالکل بھی حیران نہیں ہیں، کیونکہ یہ اپنی طرف سے ہمارے خلاف کچھ کرنے جاتے ہیں اور وہ الٹا ہو کر ان کے اپنے اوپر ہی آتا ہے۔ لاہور والا معاملہ دیکھ لیں یا بار کونسل سے خطاب کے معاملے کو دیکھ لیں، انہوں نے اس خطاب کو روکنے کی کوشش کی، لیکن وہ خطاب جو صرف وکلا نے سننا تھا، وہ نہ صرف پورے پاکستان نے سنا بلکہ پاکستان سے باہر بھی سنا گیا، جو کہ اچھا ہوا۔
عالیہ کامران کے مطابق پھر انہوں نے ہمیں سرگودھا جانے سے روکا، وہ معاملہ بھی الٹا پڑ گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے خلاف کیے جانے والے اقدامات کا نتیجہ اکثر اس کے برعکس نکلتا ہے اور اس سے ہماری آواز مزید لوگوں تک پہنچتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل ان کے اپنے وزرا کے بیانات ایک دوسرے کے ساتھ میچ نہیں کر رہے تھے۔
پہلے تو وہ مانتے ہی نہیں تھے کہ ہم نے نظر بند کیا، پھر جو مانتے تھے وہ کہتے تھے کہ ہم ان کو اپنی نگرانی میں رکھا ہوا ہے۔ ان کے اپنے بیانات میں تضاد تھا۔
اسلام آباد میں موجود گھر کے حوالے سے عالیہ کامران نے کہا کہ وہ گھر امان اللہ صاحب کا ہے، جو انہوں نے احترام کے ساتھ مولانا صاحب کو رہنے کے لیے دیا ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جب سی ڈی اے گاڑی لے کر گئی تو ہم نے ان سے سوال کیا کہ سی ڈی اے گاڑی کیسے لے کر جا سکتی ہے۔
ان کے مطابق یہ غلط بات تھی کہ وہ گھر پر نوٹس لگائے گا اور گاڑی لے جائے گا۔
عالیہ کامران نے سوال اٹھایا کہ اگر وہ نان کسٹم پیڈ گاڑی تھی تو پھر انہوں نے اس کو چھوڑ کیسے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گاڑی کے معاملے میں لگائے گئے الزامات اور بعد میں ہونے والی کارروائی سے واضح ہوتا ہے کہ اس معاملے کا کوئی جواز نہیں تھا۔
