ملک میں نئی سیاسی جماعت بنائے جانے کی خبروں پر سعد رفیق کی وضاحت


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے نئی سیاسی جماعت بنانے سے متعلق خبروں اور تجزیوں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ اور ان کے رفقا کوئی نئی جماعت تشکیل نہیں دے رہے، بلکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد پر مشتمل قومی بیداری کی ایک غیر جماعتی تحریک منظم کی جا رہی ہے جسے الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ نہیں کروایا جائے گا۔
خواجہ سعد رفیق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ نئی سیاسی جماعت کے قیام سے متعلق پھیلائی جانے والی خبریں اور تجزیے درست نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے تجربہ کار اور اعلیٰ تعلیم یافتہ ٹیکنو کریٹس، قانون دانوں، ریٹائرڈ سول و فوجی افسران، اچھی ساکھ کے حامل کاروباری افراد اور نمایاں سیاسی و صحافتی شخصیات پر مشتمل ایک تحریک تشکیل دی جا رہی ہے جو جماعتی دھڑے بندیوں سے بالاتر ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ اس تحریک کا مقصد زندگی کے مختلف شعبوں میں تحقیق، علم، غور و فکر، مکالمے اور کامیاب عالمی تجربات کی روشنی میں سیاسی، انتخابی، انتظامی، عدالتی، تعلیمی اور ادارہ جاتی اصلاحات تجویز کرنا ہے، تاکہ طرز حکمرانی کے فرسودہ نظام سے نجات حاصل کر کے پاکستان کو آگے بڑھایا جا سکے۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ مستقبل نوجوانوں کا ہے اور انہیں ورثے میں غیر منصفانہ یا آمرانہ رویوں کا شکار ملک دینے کے بجائے ایک مستحکم اور جمہوری پاکستان دے کر جانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس تحریک میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور جماعتی وابستگیوں سے دور ماہرین شامل ہیں، اور اس میں شمولیت کے لیے کسی کی سیاسی وابستگی پر کوئی پابندی نہیں ہوگی، تاہم اصولی مؤقف اختیار کرتے ہوئے درست بات کی حمایت کی جائے گی اور غلط کا ساتھ نہیں دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ”صلے و ستائش کے طلبگار، جلد باز، چاپلوس، انتہا پسند، غیر جمہوری، مُنتقم مزاج، اقتدار کے بھُوکے، احکامات لینے والے یا کسی بھی کلٹ کے فالوورز ہمارے قافلے کا حصہ نہیں ہوں گے۔“
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد پاکستان کو ایک آئینی، منصفانہ، پرامن اور خوشحال جمہوری ریاست کے طور پر دیکھنا اور اندرونی قومی تنازعات کو طاقت کے بجائے مکالمے اور رابطوں کے ذریعے حل کرنا ہے۔
سیاسی و سماجی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستانی قوم سیاسی انتقام، آمریتوں، موروثی سیاست، بدعنوانی، لاقانونیت، اقربا پروری اور عوامی امنگوں کو نظرانداز کیے جانے سے تنگ آ چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی تحریک افراد یا دھڑوں کے بجائے آئین اور قانون کی حکمرانی چاہتی ہے، جبکہ ملک کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا اور انہیں اندرونی جمہوریت کے لیے قائل کرنا بھی ان کے مشن کا حصہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ فیصلہ سازی میں علم، محنت، مہارت اور دیانت داری سے کام کرنے والوں کے لیے گنجائش پیدا کرنا ضروری ہے، اور اس مقصد کے لیے پاکستان کی سول سوسائٹی کو اپنے حقوق کے تحفظ اور فرسودہ نظام میں اصلاحات کے لیے متحد ہو کر آگے بڑھنا ہوگا۔

WhatsApp
Get Alert