کیٹی پیری اور جسٹن ٹروڈو کا شاہانہ ٹرین سفر، ایک دن کا کرایہ 2 کروڑ 89 لاکھ روپے سے زائد

پیرس(قدرت روزنامہ)امریکی گلوکارہ کیٹی پیری اور کینیڈا کے سابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے یورپ کے دورے کے دوران دنیا کی مہنگی ترین لگژری ٹرینوں میں شمار ہونے والی وینس سمپلون اورینٹ ایکسپریس میں شاہانہ سفر کیا، جس پر ایک رات کا خرچ پاکستانی روپے میں تقریباً 2 کروڑ 89 لاکھ 55 ہزار 208 روپے بتایا جا رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں شخصیات نے پیرس سے وینس تک 24 گھنٹے کے سفر کے لیے خصوصی لگژری کیریج ’ایل آبزرویٹوائر‘ کا انتخاب کیا جس کا یک طرفہ کرایہ تقریباً 80 ہزار برطانوی پاؤنڈ ہے۔
نجی لگژری کیریج میں علیحدہ بیڈروم، سنہری باتھ ٹب، وسیع لاؤنج، ذاتی ڈائننگ ایریا اور ایک ہزار سے زائد کتابوں پر مشتمل نجی لائبریری موجود ہے۔
اس خصوصی سفر میں 24 گھنٹے ذاتی بٹلر کی سہولت، شیف کے تیار کردہ کھانے، کیویار، شراب اور دیگر لگژری سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔
کیٹی پیری نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اس شاہانہ سفر کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کی ہیں۔
