فن و ثقافت شوبز

عرفان خان کےساتھ رابطہ نہ کرنے پرصبا قمرکااظہارافسوس

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)عرفان خان کے ساتھ فلم ‘ہندی میڈیم ‘ سے بالی ووڈ ڈیبیو کرنے والی صباقمران دنوں زی5 کیلئے اپنی ویب سیریز ‘مسٹراینڈ مسز شمیم؛ کی تشہیرمیں مصروف ہیں، صبا نے عرفان خان سے متعلق کچھ یادیں تازہ کرتے ہوئے رابطے میں نہ رہنے پر افسوس کا اظہارکیا ہے۔صبانے مرحوم اداکارکویاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت اچھے اداکاراوربہترین انسان تھے جن کے ساتھ کام کرکے مزاآگیا،میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے۔
کینسرسے لڑنے والےعرفان خان29 اپریل 2020 کو ممبئی میں چل بسے تھے۔عرفان خان کی فیملی سے رابطے میں رہنے سے متعلق سوال کا جواب نفی میں دینے والی صبا نے کہا کہ مجھے اس بات کا بیحد افسوس ہے، فلم کے بعد جب ان کی طبیعت خراب ہوئی تو میں سوچتی رہی کہ انہیں فون کروں لیکن میں شوٹنگ اور ٹریولنگ کی مصروفیت کے باعث ایسا نہیں کرسکی، ۔ پھر ایک دن ان کے انتقال کی خبر سنی اور میں ہل کررہ گئی۔اس دن مجھے احساس ہوا کہ جو وقت پاس ہے اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے کیونکہ وہ کبھی واپس نہیں آتا۔
اداکارہ نے کہا کہ ، ‘اگر آپ کسی سے معافی مانگنا چاہتے ہیں، یا اپنی محبت کا اظہار کرنا چاہتے ہیں تو بس کردیں کیونکہ وہ لمحہ واپس نہیں آئے گا مجھے یہ افسوس ہے کہ کاش میں نے عرفان کو فون کیا ہوتا، ان سے بات کی ہوتی،اور رابطے میں رہتی’ ۔
ہندی میڈیم کی یادیں تازہ کرنے والی صبا قمرنے مزید کہا کہ ، ‘میں نے ہندی میڈیم کے لیے ایک بھی سین کی ریہرسل نہیں کی تھی، مجھے یاد ہے کہ دہلی میں فلم کی شوٹنگ شروع کرنے سے ایک دن پہلے،ہم نے کاسٹ اور عملے کے ساتھ کچھ لائنیں بولیں لیکن حقیقت میں ریہرسل نہیں کی۔ یہ میرے لیے کچھ نیا اور ایک مختلف قسم کا تجربہ تھا، یہی وہ چیز ہے جو میں نے عرفان صاحب سے سیکھی کہ آپ کو زیادہ مشق کرنے کی ضرورت نہیں ہے’
بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ زی 5 کے لیے بنائی جانے والی ویب سیریزمسٹر اینڈ مسزشمیم 11 مارچ سے پیش کی جائےگی، 20 بیس اقساط پرمشتمل کہانی ساجی گل نے تحریرکی ہے جبکہ ڈائریکٹرکاشف نثارہیں۔
صبا قمراور نعمان اعجازکی اس ویب سیریزکی کہانی روایتی ڈگرسے قدرے ہٹ کرہے جہاں محبت کے روایتی انداز کے بجائے دوستی کے جذبے کوفوقیت دیتے ہوئے سچی محبت کی عکاسی کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں