اسلام آباد میں موٹروے پولیس اہلکاروں پر تشدد ‘ 2 اہلکار زخمی ہوگئے

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موٹروے ٹول پلازہ پر موٹروے پولیس اہلکاروں پر تشدد سے 2 اہلکار زخمی ہوگئے ، موٹرپولیس کی آنے والی نفر ی نے 7 ملزمان کو موقع سے گرفتار کرلیا ، واقعہ کا مقدمہ موٹروے پولیس اہلکاروں کی مدعیت میں تھانہ نصیر آباد میں درج کرلیا گیا . میڈیا رپورٹس کے مطابق مقدمہ میں کہا گیا ہے کہ ٹول پلازہ پر چند گاڑیاں غفلت اور لاپرواہی سے چلاتے ہوئے آئیں جس پر روکنے کا اشارہ کیا ، پولیس نے ان میں سے ایک کھلی باڈی والی گاڑی میں پیچھے بیٹھے افراد کو منع کیا کیوں کہ موٹروے کے قانون کے تحت کھلی باڈی والی گاڑی کے پیچھے بیٹھنا ممنوع ہے ، اتنا کہنے پر ایک شخص گاڑی سے باہر نکل آیا اور ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمرا موٹروے پولیس پر لاتوں اور مکوں سے حملہ کرکے 2 اہلکاروں کو زخمی کردیا .

دوسری طرف ترجمان موٹروے پولیس سے معلوم ہوا ہے کہ پشاور کے نزدیک ایم ون سروس روڈ پر اسلحہ کی بھاری کھیپ اسمگل کی جارہ تھی کہ اس دوران مؤثر پٹرولنگ کی وجہ سے ملزمان اسلحہ چھوڑ کر فرار ہوگئے ، موٹر وے پولیس کی جانب سے قبضے میں لیے گئے اسلحے میں اسنائپر رائفل ، مختلف بور کے 65 پسٹل ، 1 کلاشنکوف ، 20 بارہ بور رائفلیں ، ایم سولہ ٹائپ 2 رائفلز ، 72 میگزینز اور ہزاروں کی تعداد میں گولیاں شامل ہیں .
واضح رہے کہ گزشتہ روز صوبہ خیبرپختونخوا سے بھاری مقدار میں اسلحہ پنجاب اسمگل کرنے کی کوشش بھی ناکام بنائی گئی تھی ، اسلحہ گاڑی کے ذریعے پنجاب اسمگل کیا جانا تھا جس کی پولیس کو خفیہ اداروں نے بروقت اطلاع کردی ، جس کے نتیجے میں پشاور کے علاقے آغا میر جانی شاہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئےغیر قانونی اسلحہ پنجاب اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ، اس آپریشن میں ملزم کو بھی گرفتار کرلیا گیا ، جس کا تعلق افغانستان سے ہے .

. .

متعلقہ خبریں