ہارٹ اٹیک کی وہ علامات جنہیں آپ خطرناک نہیں سمجھتے
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کیا آپ کو معلوم ہے کہ آپ کا جسم ہارٹ اٹیک سے ایک ماہ قبل بلکہ اس سے بھی پہلے خبردار کرنا شروع کردیتا ہے۔آج ہم آپ کو ایسی علامات کے بارے میں بتا رہے ہیں جو ہارٹ اٹیک آنے سے کئی ہفتے پہلے آگاہ کر دیتی ہیں لیکن ہم انہیں خطرناک نہیں سمجھتے جوکہ غلط ہے۔
تھکاوٹ
یہ ایسی علامت ہے جو 70 فیصد ہارٹ اٹیک کی شکار خواتین میں کئی ہفتے پہلے سامنے آئی، غیر معمولی حد تک جسمانی تھکاوٹ ہارٹ اٹیک کی جانب اشارہ کرتی ہے۔ اگر یہ تھکاوٹ کسی جسمانی یا ذہنی سرگرمی کا نتیجہ نہ ہو اور دن کے اختتام پر اس میں اضافہ ہو، تو اس پر توجہ ضرور مرکوز کی جانی چاہیے۔
پیٹ میں درد
50 فیصد ہارٹ اٹیک کے واقعات میں یہ علامت کچھ عرصے پہلے سامنے آئی، معدے میں درد، دل متلانا، پیٹ پھولنے یا موشن وغیرہ متعدد عام علامات ہیں، ہارٹ اٹیک سے قبل پیٹ یا معدے میں درد کچھ عجیب سا ہوتا ہے یعنی کبھی ہوتا ہے اور پھر آرام محسوس ہونے لگتا ہے مگر کچھ وقت بعد پھرشروع ہو جاتا ہے۔
ایسا درد جو ہاتھ میں پھیل جائے
ہارٹ اٹیک کی ایک اور علامت ایسے درد کی ہوتی ہے جس کا آغاز جسم کے بائیں حصے سے ہوتا ہے، یہ درد سینے سے شروع ہوکر نیچے کی جانب جاتا ہے، اکثر مریضوں کو ہاتھ میں درد کا احساس ہوتا ہے۔
سر چکرانا
ویسے تو سر چکرانے کی مختلف وجوہات ہوسکتی ہیں تاہم اگر آپ کو اچانک لڑکھڑاہٹ کا احساس ہو جس کے ساتھ سینے میں تکلیف یا سانس لینے میں مشکل ہو تو فوری ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔
ماہرین کے مطابق ایسا ہونے کا مطلب بلڈ پریشر تیزی سے گرنا ہوتا ہے کیونکہ دل معمول کے مطابق پمپ کرنے سے قاصر ہوتا ہے۔
جبڑے یا گلے میں تکلیف
ویسے جبڑے یا گلے میں تکلیف کی وجہ کچھ اور بھی ہوسکتی ہے تاہم اگر سینے کے درمیان درد یا دباﺅ کا احساس ہو جو گلے یا جبڑے کی جانب پھیل جائے تو یہ ہارٹ اٹیک کی علامت ہوسکتی ہے۔
کھانسی جو رکنے کا نام نہ لے
بیشتر واقعات میں یہ دل کے مسئلے کی نشانی نہیں ہوتی تاہم اگر آپ پہلے ہی امراض قلب کا شکار ہیں تو پھر ضرور خطرے کی گھنٹی ہے، اگر آپ کی کھانسی بہت زیادہ دیر تک برقرار رہے جس سے سفید یا گلابی بلغم خارج ہو تو یہ ہارٹ اٹیک کی نشانی ہوتی ہے۔
ہاتھ، پیر اور ٹخنوں کی سوجن
یہ اس بات کی علامت ہوتی ہے کہ دل موثر طریقے سے خون کو پمپ نہیں کرپارہا، جب دل تیزی سے پمپ نہیں کرپاتا تو خون واپس شریانوں میں جاکر ان کو پھلا دیتا ہے، جس سے ہارٹ اٹیک کا خطرہ پیدا ہوتا ہے۔
بے خوابی
یہ علامت مردوں کے مقابلے میں خواتین میں زیادہ نظر آتی ہے۔
ویسے طبی ماہرین اس علامت کو ہارٹ اٹیک یا فالج وغیرہ کے بڑھتے خطرے کا عندیہ قرار دیتے ہیں۔رات کو نیند نہ آنے کے ساتھ شدید نوعیت کی ذہنی بے چینی اور غیر حاضر دماغی کا سامنا ہو تو یہ تشویشناک ہوسکتا ہے۔
سانس گھٹنا
چالیس فیصد کیسز میں یہ علامت سامنے آتی ہے یعنی سانس لینے میں مشکل اور یہ احساس کہ گہرا سانس لینا ممکن نہیں، یہ مردوں اور خواتین کے اندر ہارٹ اٹیک سے 6 ماہ قبل بھی اکثر سامنے آتی ہے یہ عام طور پر ایک انتباہی علامت ہوتی ہے کہ ڈاکٹر سے رجوع کیا جانا چاہیے۔
بال گرنا
بالوں کا تیزی سے گرنا بھی امراض قلب کی ایک واضح علامت ہے عام طور پر یہ پچاس سال سے زائد عمر کے مردوں میں زیادہ نظر آتی ہے مگر کچھ خواتین میں بھی یہ سامنے آتی ہے۔
دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی
دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی اکثر پینک اٹیک اور ذہنی بے چینی کے ساتھ حملہ آور ہوتی ہے، خاص طور پر خواتین میں، یہ اچانک حملہ کرتی ہے۔
اگر دل کی دھڑکن میں تیزی ایک سے دو منٹ تک برقرار رہے اور اس میں کمی نہ آئے، اس کے علاوہ دھڑکن کی رفتار میں کمی بیشی سے غشی اور تھکاوٹ محسوس ہوتو ڈاکٹر سے رجوع کرلینا چاہیے۔
بہت زیادہ پسینہ آنا
غیرمعمولی یا بہت زیادہ پسینہ آنا بھی ہارٹ اٹیک کی ایک ابتدائی انتباہی علامت ہے، جو کہ دن یا رات کسی بھی وقت سامنے آسکتی ہے۔
یہ علامت عام طورپر خواتین میں زیادہ سامنے آتی ہے تاہم وہ اسے نظر انداز کردیتی ہیں۔اگر اس کے ساتھ فلو جیسی علامات ہوں، جلد پر خوشگوار موسم کے باوجود پسینہ آئے تو یہ خطرے کی گھنٹی ہوسکتی ہے۔
سینے میں درد
مردوں اور خواتین دونوں میں سینے میں درد مختلف شدت اور طریقے سے سامنے آتا ہے۔
مردوں میں یہ علامت انتہائی اہم ابتدائی علامات میں سے ایک ہے، جسے نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔سینے میں درد ہو تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔