پرویز مشرف کی وطن واپسی کے معاملے پر بختاور کا سخت ردعمل

اسلام آباد ( قدرت روزنامہ)سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی وطن واپسی کے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے .

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بختاور بھٹو زرداری نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے لکھا کہ مفرور ڈکٹیٹر سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے قتل میں براہ راست ملوث ہے .

بختاور بھٹو نے کہا کہ مفرور ڈکٹیٹر کو کبھی معاف نہیں کیا جائے گا، ان کی جتنی بھی زندگی بچی ہے اس میں معافی ملے گی اور نہ تاریخ معاف کرے گی .

گزشتہ روز سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پرویز مشرف کے حوالے سے اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ میری پرویز مشرف سے کوئی ذاتی دشمنی یا عناد نہیں، نہیں چاہتا اپنوں سے متعلق جو صدمے مجھے سہنا پڑے وہ کوئی اور سہے .

اپنے ٹوئٹر بیان میں نواز شریف نے کہا تھا کہ پرویزمشرف کی صحت کے لیے اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہوں، پرویز مشرف واپس آنا چاہیں تو حکومت سہولت فراہم کرے .

پاک فوج کے ترجمان میجر بابر افتخار نے گزشتہ روز ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پرویز مشرف کی طبیعت بہت خراب ہے، ادارے کا مؤقف ہے کہ پرویز مشرف کو پاکستان واپس آجانا چاہیے، پرویز مشرف کی فیملی سے اسی لیے رابطہ کیا گیا .

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ ڈاکٹرز طے کریں گے کہ پرویز مشرف اس حالت میں سفر کر سکتے ہیں یا نہیں، پرویز مشرف کی صحت تشویش ناک ہے پاکستان واپس آ جائیں تو خوشی ہوگی .

خیال رہے کہ پرویز مشرف دبئی میں مقیم ہیں . شدید علیل ہونے کے باعث وہ اسپتال میں زیرِ علاج ہیں . ان کو Amyloidosis امائلائیڈوسسں کا نایاب مرض لاحق ہے .

. .

متعلقہ خبریں