وزارت صحت کا کورونا ویکسین اور فنڈز کی تفصیلات عام کرنے سے انکار

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزارت صحت نے کورونا ویکسین اور فنڈز کی تفصیلات عام کرنے سے انکار کردیا۔ اطلاعات کے مطابق سینیٹ کی صحت سے متعلق قائمہ کمیٹی کا اجلاس ہوا ، جس میں کورونا ویکسین اور فنڈز کا معاملہ ایجنڈے میں شامل تھا تاہم وزارت صحت نے کورونا ویکسین اور فنڈز کی تفصیلات عام کرنے سے انکار کردیا اور سیکریٹری وزارت صحت نے کہا کہ کچھ ایسے معاہدے ہیں جن کو سب کے سامنے نہیں لاسکتے ، کورونا کے معاملے پر ان کیمرا بریفنگ لی جائے۔
اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر بہرامند تنگی نے ان کیمرا بریفنگ پر اعتراض کیا اور کہا کہ کورونا کا معاملہ عوامی اہمیت کا ایک مسئلہ ہے ، اس معاملے کو ان کیمرا کیوں کیا جائے؟ کیا میڈیا کے سامنے بریفنگ سے ویکسین پر پابندی لگ جائے گی؟ جس کے جواب میں سیکریٹری وزارت صحت نے انکشاف کیا کہ اگر بریفنگ دی تو پاکستان کو ملنے والی ویکسین بند ہوجائے گی۔

دوسری جانب کوویکس کی جانب سے پاکستان کو کورونا ویکسین کی بھاری کھیپ ملنے کا امکان روشن ہوگیا ، کوویکس پاکستان کو 60 لاکھ سائینو فارم ڈوز فراہم کرے گا ، پاکستان کو سائینو فارم ڈوز مرحلہ وار فراہم کی جائیں گی ، کوویکس کی طرف سے پاکستان کو کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ رواں ہفتے ملے گی ، بتایا گیا ہے کہ کوویکس سے پاکستان کو سائینو فارم ویکسین پہلی بار مل رہی ہے ، اس سے پہلے کوویکس پاکستان کو اب تک 61 لاکھ ویکسین ڈوز فراہم کرچکا ہے ، کوویکس سے پاکستان کو 55 لاکھ موڈرنا اور 25 لاکھ آسٹرازنیکا ڈوز فراہم کی گئی ہیں جب کہ کوویکس پلیٹ فارم سے پاکستان کو ایک لاکھ فائزر ویکسین ڈوز مل چکی ہیں اس کے علاوہ کوویکس پاکستان کی 20 فیصد آبادی کو مفت ویکسین فراہم کرے گا کیوں کہ پاکستان کورونا ویکسین سے متعلق عالمی پلیٹ فارم کوویکس کا رکن ہے۔
علاوہ ازیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں ویکسی نیشن کی رفتار تیز کرنے کیلئے اہم فیصلہ کرتے ہوئے کورونا ویکسین کی تمام اقسام کی پہلی اور دوسری ڈوز کا درمیانی وقفہ 28 دن کر دیا ، این سی او سی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملک میں لگنے والی کورونا ویکسین کی تمام اقسام کی پہلی اور دوسری ڈوز کا درمیانی وقفہ 42 دن سے کم کرکے 28 دن کر دیا گیا ہے ، فیصلہ وزارت صحت اور طبی ما ہر ین کی مشاورت کے بعد کیا گیا ، اس کے علاوہ 10ستمبر کے بعد فضائی سفر کیلئے مکمل ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے جب کہ 10ستمبر کے بعد ویکسی نیشن کا جزوی سرٹیفکیٹ بھی کار آمد نہیں ہوگا۔

WhatsApp
Get Alert