ثناء خان نے محرم الحرام کے مقدس مہینے کی مذہبی اہمیت بیان کردی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ ثناء خان نے محرم الحرام کے مقدس مہینے کی مذہبی اہمیت بیان کردی۔ثناء خان نے انسٹاگرام پر اپنا ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا جس میں اُنہوں نے محرم الحرام کے مقدس مہینے کی مذہبی اہمیت کے بارے میں بتایا۔
اپنے ویڈیو پیغام میں ثناء خان نے کہا کہ محرم الحرام قربانیوں کا مہینہ ہے اور قیامت تک شہدائے کربلا کی قربانیوں سے بڑی کوئی قربانی نہیں ہوسکتی، اس کے علاوہ محرم الحرام کو اللّٰہ تعالیٰ کا مہینہ بھی کہا جاتا ہے۔
View this post on Instagram
سابقہ اداکارہ نے کہا کہ محرم میں حضرت آدم علیہ السلام کی توبہ قبول ہوئی، حضرت نوح علیہ السلام محرم میں پانی کے طوفان سے بچ گئے، حضرت موسیٰ علیہ السلام نے بحفاظت سمندر پار کر لیا اور حضرت یونس علیہ السلام کو مصائب سے نجات ملی۔
اُنہوں نے کہا کہ حضرت عمر رضی اللّٰہ عنہ بھی اسی مہینے میں شہید ہوئے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہم اپنے پیارے نبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے نواسے حضرت امام حسین رضی اللّٰہ عنہ کی قربانیوں کو نہیں بھول سکتے جو اس مہینے میں شہید ہوئے۔
ثناء خان نے کہا کہ سب سے دل دہلا دینے والا واقعہ کربلا کا تھا اور جس طرح حضرت امام حسین رضی اللّٰہ عنہ نے دینِ اسلام کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا وہ کبھی کوئی نہیں کر سکتا۔سابقہ اداکارہ نے مزید کہا کہ انہوں نے آخری سانس تک نماز بھی نہیں چھوڑی اور یہ ان کا پیغام تھا۔اُنہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب سے گزارش ہے کہ ہم کسی صورت نماز نہ چھوڑیں کیونکہ یہ ہی واقعہ کربلا کا پیغام ہے۔