وزیراعظم شہبازشریف کی ڈالر کی قیمت میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کرنےکی ہدایت

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہبازشریف نے ڈالر کی قیمت میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کرنے کی ہدایت کردی، زرعی شعبے کی استعداد بڑھانے کیلئے اقدامات کیے جائیں، خوردنی تیل، گندم، کپاس، فنانسنگ اورزرعی تحقیق کے شعبوں کی بہتری کیلئے سفارشات مرتب کی جائیں۔ پی ٹی وی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے 5 ماہ کے اقتدار کے دوران چینی کی قیمت میں استحکام رہا، عوامی کے ریلیف کے لئے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے وزیراعظم نے چینی کی قیمت 78 روپے فی کلو کر دی تھی ۔
شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کے بعد چینی کی قیمت میں 22 روپے فی کلو کمی ہوئی۔ سابق وزیراعظم عمران خان کے دور میں چینی 120 روپے کلو تک فروخت ہورہی تھی، وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت سنبھالتے ہی 78 روپے فی کلو قیمت پر چینی کی عوام کو فراہمی یقینی بنائی۔
شہباز شریف نے وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے فوری بعد چینی، آٹے اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کی تھی، وزیراعظم شہباز شریف نے ڈالر کی قیمت میں کمی کے پیش نظر فائدہ عوام کو منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید برآں وزیرِاعظم محمد شہبازشریف نے زرعی شعبے کی استعداد بڑھانے اور مسائل کے حل کے لیے آٹھ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔ یہ گروپ خوردنی تیل، گندم، کپاس، فنانسنگ، کلائمیٹ سمارٹ ایگریکلچر، واٹر مینجمنٹ اور زرعی تحقیق کے شعبوں کی بہتری کے لیے سفارشات مرتب کریں گے۔ اسلام آباد میں زراعت سے متعلق ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا کہ ماضی میں اس اہم شعبے کو نظر انداز کیا گیا جس کی وجہ خود کفالت والے شعبوں میں بھی آج درآمد کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت زرعی شعبے میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دےگی۔ وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ زرعی تحقیق کے اداروں میں میرٹ پر بھرتیاں کی جائیں۔ کسانوں کو آسان شرائط پرقرض کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔

WhatsApp
Get Alert