ٹک ٹاک میں نوعمر صارفین کے تحفظ کیلئے فیملی پیئرنگ فیچر کو مزید بہتر بنا دیا گیا

نیویارک(قدرت روزنامہ)ٹک ٹاک نے نوعمر افراد کے تحفظ کے لیے فیملی پیئرنگ فیچر کو زیادہ بہتر بنا دیا ہے۔
اس مقصد کے لیے فیملی پیئرنگ کا نیا ڈیش بورڈ متعارف کرایا گیا ہے۔
اس ڈیش بورڈ میں والدین کے لیے نئی معلوماتی سہولیات شامل کی گئی ہیں تاکہ وہ بہتر طور پر جان سکیں کہ ان کے نوعمر بچے اس پلیٹ فارم کو کس طرح استعمال کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ، اس میں اساتذہ کے لیے ایک نئی رہنما گائیڈ بھی شامل ہے، جس کا مقصد والدین اور اساتذہ کو نوجوانوں کے آن لائن تحفظ اور ڈیجیٹل بہبود کے حوالے سے اضافی وسائل فراہم کرنا ہے۔
فیملی پیئرنگ کے نئے ڈیش بورڈ میں اسکرین ٹائم کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔
اس کے ذریعے والدین اپنے نوعمر بچوں کے روزانہ پلیٹ فارم استعمال کرنے کے اوسط دورانیے، رات کے اوقات میں ان کی سرگرمیوں اور وقت کے انتظام سے متعلق سیٹنگز دیکھ سکتے ہیں۔
نئے ڈیش بورڈ پر فالوورز اور فالو کیے گئے اکاؤنٹس کی تعداد میں تبدیلیوں، منسلک اکاؤنٹس اور بلاک کیے گئے اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی دستیاب ہوں گی۔
والدین ان تصدیق شدہ کری ایٹرز کے مواد کے نمونے بھی دیکھ سکیں گے جنہیں ان کے بچے فالو کرتے ہیں، تاکہ انہیں ان موضوعات اور کمیونٹیز کا بہتر اندازہ ہو سکے جن میں ان کے بچے دلچسپی رکھتے ہیں۔
وہ اپنے بچوں کی عوامی طور پر شیئر کی گئی پوسٹس اور ان پر آنے والے ویوز کی تعداد بھی دیکھ سکیں گے۔
آئندہ چند ماہ میں ڈیش بورڈ کے ذریعے والدین یہ بھی جان سکیں گے کہ ان کے بچے اس پلیٹ فارم پر کن افراد سے پیغامات کا تبادلہ کر رہے ہیں۔
نئے ڈیش بورڈ کی تیاری میں معلومات اس انداز میں پیش کی جاتی ہیں کہ والدین اپنے بچوں کی آن لائن سرگرمیوں کو بہتر طور پر سمجھ سکیں، جبکہ خاندان کے اندر اعتماد اور بچوں کی نجی زندگی کے احترام کو بھی برقرار رکھا جا سکے۔
معلومات روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ ہوتی ہیں، جس سے والدین وقت کے ساتھ ہونے والی تبدیلیوں کا جائزہ لے سکتے ہیں، ڈیش بورڈ کے ذریعے براہ راست سیٹنگز میں تبدیلی کر سکتے ہیں یا ان معلومات کو گھر میں بچوں کے ساتھ گفتگو شروع کرنے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔
فیملی پیئرنگ کی سہولت ویب براؤزرز کے ذریعے بھی دستیاب ہے، جس سے ٹک ٹاک ایپ کے علاوہ بھی ان سیٹنگز کا انتظام کرنا آسان ہو گیا ہے۔
