سیلاب زدہ علاقوں میں مسافر ٹرینیں چلانے میں کوئی رسک نہیں لیں گے

نواب شاہ (قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں میں مسافر ٹرینیں چلانے میں کوئی رسک نہیں لیں گے، ایم ایل ون پر ایک ہفتے میں مکمل فریٹ آپریشن شروع ہوجائےگا، ہیوی موٹروں کے ذریعے ٹریک سے پانی نکالا جارہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ریلوے ٹریک کا معائنہ کیا، خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے ٹریک سے پانی نکالنے کیلئے کام شروع کردیا گیا ہے، سندھ کے بعد بلوچستان میں بھی جانا ہے، پاک فوج، انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی سمیت ہر محکمہ تعاون کررہا ہے۔
سعد رفیق نے کہا کہ قدرتی آفت کا مقابلہ تنہا نہیں سب کو مل کرکرنا ہوگا، ریت کی بوریوں سے ریلوے ٹریک پر بند باندھا جارہا ہے، ہیوی موٹروں کے ذریعے ٹریک سے پانی نکالا جارہا ہے، فریٹ آپریشن احتیاطی تدابیر کے ساتھ شروع کردیا گیا ہے، ایم ایل ون پر ایک ہفتہ میں مکمل طور پر فریٹ آپریشن شروع ہوسکے گا، پسنجر ٹرینیں چلانے میں کسی قسم کا رسک نہیں لیا جاسکتا۔
دوسری جانب نیوز ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولیان ہارنیس نے کہا ہے کہ پاکستان کے لئے 160 ملین ڈالرز کی فلیش اپیل انتہائی کم ہے۔اقوام متحدہ ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولیان ہارنیس نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سیلاب سے متاثر علاقوں میں صحت کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے۔ اس لحاظ سے 160 ملین ڈالر کی فلیش اپیل انتہائی کم ہے جسے ازسرنو دیکھنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ فلیش اپیل کے تناظر میں مالی امداد اکٹھی کرنے میں کافی حد تک کامیابی حاصل ہوئی۔مختلف ممالک کی جانب سے 150 ملین ڈالر کے اعلانات کیے جا چکے ہیں۔ اقوام متحدہ مرکزی ہنگامی فنڈز سے 10ملین ڈالر فراہم کیے گئے ہیں۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ، قطر، چین اور دیگر ممالک بھی امداد فراہم کر رہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مالی امداد کا سلسلہ اہم ہے۔
غذائی تحفظ، صحت، غذائیت سے بھرپور خوراک، پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانا ہو گی۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں مویشیوں کی فراہمی بھی ابھی تک کور نہیں۔ بیرون ممالک سے آنے والی امداد حقیقی مستحقین تک پہنچنا اور کسی اور طرف نہ جانا اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے بین الاقوامی اکانٹنگ کمپنی سے آڈٹ کا کہنا خوش آئند ہے۔سیلاب متاثرین کی امداد کو شفاف انداز میں ان پر خرچ کیا جانا اوراس کا احتساب ضروری ہے۔

WhatsApp
Get Alert