ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: پاکستان نے نیدرلینڈز کو 6 وکٹ سے شکست دیدی
پرتھ(قدرت روزنامہ)ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ 2 کے میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو 6 وکٹ سے شکست دے دی۔نیدرلینڈز کی جانب سے پاکستان کو جیت کے لیے 92 رنز کا ہدف دیا گیا تھا جو قومی ٹیم نے 13.5 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا اور یہ پارٹنرشپ صرف 2 اوورز ہی میں قائم رہی۔
دوسرے اوور کی آخری گیند پر بابر اعظم 4 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔پاکستان کی دوسری وکٹ 53 کے مجموعی اسکور پر 8 ویں اوور میں گری جب فخر زمان 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اس سے قبل پاکستانی بولرز کی بہترین کارکردگی کے باعث نیدرلینڈز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹ پر 91 رنز ہی بنا سکی۔پرتھ میں کھیلے جانے والے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں حیدر علی کی جگہ فخر زمان کو شامل کیا گیا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شاہین شاہ آفریدی نے 2 میچوں بعد پہلی وکٹ حاصل کر لی۔شاہین شاہ آفریدی نے اننگز کے تیسرے اوور میں اسٹیفن مے برگ کو 6 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔اننگز کے ساتویں اوور میں 19 کے مجموعی اسکور پر شاداب خان نے پاکستان کو دوسری کامیابی دلوائی جب انہوں نے ٹام کوپر کو ایک رن پر آؤٹ کیا۔
نیدرلینڈز کی تیسری وکٹ 26 رنز پر گری، اس مرتبہ بھی شاداب خان نے وکٹ حاصل کی، انہوں نے میکس اوڈوڈ کو 8 رنز پر پولین بھیجا۔شاداب خان نے بولنگ میں شاندار کارکردگی جاری رکھتے ہوئے پاکستان کے لیے چوتھی وکٹ بھی حاصل کی۔انہوں نے 15 ویں اوور میں نیدرلینڈز کے 61 کے اسکور پر کولن ایکرمین کو آؤٹ کیا۔
اگلے اوور میں نسیم شاہ نے نیدرلینڈز کے کپتان کو 15 رنز پر آؤٹ کیا جبکہ 17 ویں اوور میں حارث رؤف نے اگلے بیٹر کو بولڈ کیا۔محمد وسیم نے اننگز کے 19ویں اوور میں نیدرلینڈز کے لگاتار 2 بیٹرز کو بولڈ کیا۔
بابر الیون کا حصہ
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں کپتان بابر اعظم، شاداب خان، محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، فخر زمان، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف بھی شامل ہیں۔واضح رہے کہ یہ میچ سمیت دیگر میچز پاکستانی ٹیم کے لیے بہت اہمیت اختیار کر چکے ہیں۔
پاکستانی ٹیم اب تک ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کوئی بھی میچ نہیں جیت سکی ہے۔بابر الیون کو پہلے میچ میں بھارت جبکہ دوسرے میں زمبابوے سے شکست ہوئی تھی۔