پی ڈی ایم کا حکومتی کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کرنے کا اعلان

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے ایک بار پھر انتخابی اصلاحات کو مسترد کرتے ہوئے حکومتی کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کرنے کا اعلان کر دیا۔
پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ن لیگ سیکرٹریٹ میں مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں پی ڈی ایم کی جانب سے حکومت کی تین سالہ کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کرنے اور حکومت مخالف جلسے شروع کرنے کا اعلان کیا گیا۔ پہلا جلسہ 29 اگست کو کراچی میں کیا جائے گا۔
اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد رہنماؤں نے کہا کہ اصلاحات آئین اور قانون سے متصادم ہیں جبکہ الیکٹرونک ووٹنگ مشین الیکشن چوری کرنے کا طریقہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت مخالت تحریک کے لیے جلسوں اور ریلیوں کا شیڈول طے کر لیا گیا ہے جس کا باقاعدہ اعلان 28 اگست کو سربراہی اجلاس کے بعد ہو گا۔کمیٹی نے حکومت مخالف تحریک کے آئندہ مراحل اور ملک گیر جلسوں پر تفصیلی مشاورت کی اور میثاق پاکستان کے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے کمیٹی قائم کر دی۔
شاہد خاقان عباسی نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سفارشات حتمی منظوری کے لیے 28 اگست کو پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں پیش کی جائیں گی بعد ازاں 29 اگست کو کراچی میں پی ڈی ایم کے تحت جلسہ منعقد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص کارکردگی کو تین سال پورے ہو گئے ہیں جس پر پی ڈی ایم تین سالہ حکومتی کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کرے گی جس کا مقصد حکومت کی نااہلیت کو سامنے لانا ہے۔