فلائٹ لیفٹیننٹ ڈاکٹر ماہ نور فرزند کورونا کے باعث انتقال کر گئیں پی ایم اے
کراچی(قدرت روزنامہ) پاکستان آرمی اور ائیرفورس کی فلائٹ لیفٹیننٹ ڈاکٹر ماہ نور فرزند کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئیں جبکہ والد کورونا کے باعث اسپتال میں زیر علاج ہیں-باغی ٹی وی :پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) نے تصدیقی بیان جاری کیا ہے کہ ڈاکٹر ماہ نور فرزند کورونا کے باعث انتقال کر گئی ہیں۔
پی ایم اے کے مطابق ڈاکٹر ماہ نور فرزند سی ایم ایچ ملیر کینٹ میں زیر علاج تھیں، فلائٹ لیفٹیننٹ ڈاکٹر ماہ نور آرمی اور ائیرفورس میں ملازمت کر رہی تھیں۔پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ماہ نور کے والد بھی کورونا کے باعث اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
پی ایم اے کے مطابق ملک میں اب تک 220 ڈاکٹر کورونا سے انتقال کر چکے ہیں جس میں سے سندھ میں اب تک 77 ڈاکٹرز عالمی وبا سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے ہیں-واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 75 افراد جاں بحق ہوگئےاین سی او سی) کورونا کے 53 ہزار 527 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جس کے نتیجے میں 3 ہزار 842 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 7.1 فیصد رہی-ملک بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 11 لاکھ 23 ہزار 812 جبکہ ملک بھر میں کورونا کے باعث اموات کی تعداد 24 ہزار 923 ہو گئی۔
سندھ میں کورونا کے کیسز کی تعداد 4 لاکھ 19 ہزار 810، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 56 ہزار 365، پنجاب میں تین لاکھ 79 ہزار 574، اسلام آباد میں 96 ہزار 30، بلوچستان میں 31 ہزار 819، آزاد کشمیر میں 30 ہزار 597 اور گلگت بلتستان میں 9 ہزار 617 ہو گئی ہے۔
کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 11 ہزار 527 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 6 ہزار 590، خیبرپختونخوا 4 ہزار 772، اسلام آباد 851، گلگت بلتستان 170، بلوچستان میں 335 اور آزاد کشمیر میں 678 افراد جان جاں بحق ہو چُکے ہیں-
دوسری جانب کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا ویکسی نیشن کا سلسلہ جاری ہے،کراچی میں اب تک 53 لاکھ 53 ہزار سے زائد لوگوں کو کورونا ویکسین لگائی جاچکی ہے۔