مجھے روکنا مشکل ہے، ابرار احمد


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انگلینڈ کے ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہونے والے اسپنر ابرار احمد کا کہنا ہے کہ مجھے روکنا مشکل ہے، موقع ملا تو انگلینڈ کے خلاف بھی اچھا پرفارم کروں گا۔جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ابرار احمد نے کہا کہ ٹیسٹ کھیلنا ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے، اب میرا نام ٹیسٹ اسکواڈ میں آیا ہے تو خوشی بیان سے باہر ہے، رواں سیزن میں جب شروع کے تین چار میچز میں وکٹیں لیں تو ساتھی کھلاڑیوں نے کہنا شروع کر دیا تھا کہ میں اسکواڈ میں آؤں گا، سرفراز احمد بھی بار بار کہتے تھے، تم اچھا کر رہے ہو تم کھیلو گے۔
انہوں نے کہا کہ اسی طرح چیف سلیکٹر محمد وسیم بھی بولنگ کا پوچھتے رہتے تھے کہ کیسی جا رہی ہے، اس طرح مجھے اندازہ ہو گیا تھا کہ مجھے موقع ملنے والا ہے، اب میرا نام آیا ہے تو میں ڈومیسٹک کرکٹ کی طرح انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بھی اچھی پرفارمنس کے لیے پر امید ہوں، میرا اسکواڈ میں جب نام آیا تو چونکہ ماں کے ساتھ الگ ہی لگاؤ ہوتا ہے اس لیے سب سے پہلے انہیں بتایا۔
ابرار احمد نے بتایا کہ شروع میں ٹیپ بال سے فنگر اسپن کرتا تھا، پھر راشد لطیف اکیڈمی میں آ گیا، میرا مانسہرہ سے تعلق ہے لیکن کرکٹ ساری کراچی میں کھیلی ہے، میں مینڈس اور مجیب الرحمٰن کی طرح فنگر اسپن کرتا ہوں، سنیل نارائن کو بھی دیکھتا ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ مجھے ساتھی کھلاڑی وائٹ بال کا ایکسپرٹ کہا کرتے تھے، لیکن میں ان کو کہتا تھا مجھے ریڈ بال میں آنے دو مجھے روکنا مشکل ہو گا اور پھر میں نے ثابت کیا کہ مجھے روکنا مشکل ہے۔ابرار احمد قائد اعظم ٹرافی کے رواں سیزن میں سات میچز میں 43 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، سندھ کی نمائندگی کرنے والے ابرار احمد کی بہترین بولنگ 61 رنز دے کر 6 وکٹیں ہیں وہ رواں سیزن میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔