پی ٹی آئی لانگ مارچ،غیر قانونی اقدام روکنا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے،رانا ثنااللہ

وفاق اور اسکی اکائیاں مل کر کسی بھی غیر آئینی اقدامات کو روکنے کی پیش بندی کریں، چیف سیکرٹریز یقینی بنائیں کہ کوئی سرکاری ملازم منصوبے کا حصہ نہ بنے،وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سیاسی جماعت کی وفاق پر چڑھائی کو روکنا صوبائی حکومتوں کی آئینی ذمہ داری ہے، وفاق اور اسکی اکائیاں مل کر کسی بھی غیر آئینی اقدامات کو روکنے کی پیش بندی کریں، چیف سیکرٹریز یقینی بنائیں کہ کوئی سرکاری ملازم منصوبے کا حصہ نہ بنے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے 26 نومبر کے لانگ مارچ کے حوالے سے وزارت داخلہ میں رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران وزیرمملکت برائے داخلہ عبدالرحمن کانجو اور سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر اجلاس میں شریک ہوئے،
آئی جی خیبرپختونخوا پولیس معظم جاہ اور چیف سیکرٹری نے آن لائن شرکت کی۔ پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ حکام اور قائم مقام آئی جی، آئی جی اسلام آباد و چیف کمشنر اسلام آباد اور سکیورٹی ایجنسیز کے نمائندے بھی شریک اجلاس ہوئے۔ اجلاس میں پی ٹی آئی کے جلسے یا دھرنے کے حوالے سے حکمت عملی پرغور کیا گیا، شرکا نے وزیر داخلہ کو پی ٹی آئی اجتماع اور سکیورٹی سے متعلق بریفنگ دی، شرکا نے وفاق پر ممکنہ حملے کی صورت میں آئین اور قانون کی مکمل پاسداری کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سیاسی جماعت کی وفاق پر چڑھائی کو روکنا صوبائی حکومتوں کی آئینی ذمہ داری ہے، وفاق اور اسکی اکائیاں مل کر کسی بھی غیر آئینی اقدامات کو روکنے کی پیش بندی کریں، چیف سیکرٹریز یقینی بنائیں کہ کوئی سرکاری ملازم منصوبے کا حصہ نہ بنے۔