پنڈی ٹیسٹ کا تیسرا دن: پاکستان کے 3 وکٹ پر 411 رنز مکمل


راولپنڈی (قدرت روزنامہ)راولپنڈی ٹیسٹ میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 411 رنز بنا لیے ہیں، کپتان بابر اعظم نے سنچری مکمل کر لی ہے۔راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اس وقت تیسرے دن کے دوسرے سیشن کا کھیل مکمل ہو گیا ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم 106 اور سعود شکیل 35 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔آج تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 181 رنز سے کیا اور دونوں اوپنرز عبداللّٰہ شفیق اور امام الحق نے 66 اوورز تک پُر اعتماد بیٹنگ کی اور ڈبل سنچری پارٹنرشپ قائم کی۔
دن کے آغاز پر ہی عبداللّٰہ شفیق نے سنچری اسکور کی، انہوں نے 177 گیندیں کھیلیں اور 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے سنچری بنائی جو ان کے ٹیسٹ کیریئر کی تیسری سنچری ہے۔


عبداللّٰہ شفیق کے سنچری مکمل کرنے کے کچھ ہی دیر بعد پہلے سیشن میں ہی امام الحق نے بھی سنچری بنائی۔امام الحق نے 180 گیندیں کھیل کر 1 چھکے اور 14 چوکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی اور ٹیم کے اسکور کو 214 تک پہنچایا۔


انگلش بولرز 225 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی پہلی وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے جب عبداللّٰہ شفیق 114 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان ٹیم کے 245 کے مجموعی اسکور پر امام الحق 121 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی تیسری وکٹ 290 رنز پر گری جب اظہر علی 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی ٹیم کپتان بابر اعظم، امام الحق، عبداللّٰہ شفیق، اظہر علی، سعود شکیل، محمد رضوان، آغا سلمان، نسیم شاہ، حارث رؤف، محمد علی اور زاہد محمود پر مشتمل ہے۔انگلش ٹیم میں بین اسٹوکس، زیک کراؤلے، بین ڈکیٹ، جو روٹ، اولی پوپ، ہیری بروک، ول جیکس، لیام لیونگسٹن، اولی روبنسن، جیک لیچ اور جیمز اینڈرسن شامل ہیں۔
پنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز کیا ہوا
پاکستان کے خلاف تین میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے پہلے دن انگلینڈ نے صرف 4 وکٹیں گنوا کر 506 رنز بنائے تھے۔
پنڈی ٹیسٹ کے دوسرے دن کا اختتام
پنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے انگلینڈ کے 657 رنز کے جواب میں بغیر کسی نقصان کے 181 رنز بنالیے تھے۔
امام الحق اور عبداللّٰہ شفیق نے گزشتہ روز 51 اوورز کے کھیل میں انگلش بولرز کی ایک نہ چلنے دی تھی۔اس سے قبل پہلی اننگز میں انگلش ٹیم 101 اوورز کھیل کر 657 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔