ہم میں وہ خون نہیں جو مشکلات کی آگ سے موم کی طرح پگھل جائے، آصف زرداری


کراچی (قدرت روزنامہ)سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ ہم میں وہ خون نہیں جو مشکلات کی آگ سے موم کی طرح پگھل جائے۔آصف زرداری نے محترمہ بےنظیر بھٹو کے یومِ شہادت پر اپنے پیغام میں کہا کہ بےنظیر بھٹو شہید کے مشن سے متعلق نیند میں بھی غفلت نہیں کر سکتا، سیاست میں محترمہ نے میری رہنمائی کی تھی۔
سابق صدر نے کہا کہ اب شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کی فلاسفی میری رہنمائی کر رہی ہے، آئین و جمہوریت کی خاطر بی بی کی طرح کسی نے مشکلات کا سامنا نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ محترمہ نے انتہائی بہادری، صبر اور برداشت سے آمروں کے خوف کا بت پاش پاش کیا، جبر کے حالات سے گزر کر ہم کندن بنتے ہیں، یہی بی بی شہید نے سکھایا ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ جمہوریت کا تسلسل محترمہ بےنظیر بھٹو شہید کا خوبصورت خواب تھا، الحمد للّٰہ میں نے محترمہ شہید کے خواب کی تکمیل کر دی ہے۔سابق صدر نے مزید کہا کہ انشاء اللّٰہ موجودہ اسمبلیاں بھی اپنی مدت پوری کریں گی اور ملک مضبوط جمہوریت کے راستے پر گامزن ہو گا۔
آصف زرداری نے یہ بھی کہا کہ اداروں کا سیاست سے لاتعلقی اور آئین پر عمل کرنے کا اعلان بی بی شہید کے خواب کی تعبیر ہے۔