اسپیکر کے اقدامات سے قومی اسمبلی کی 40 فیصد نشستیں خالی ہو گئیں: فواد چوہدری
لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ راجہ ریاض کو بچانے کے لیے اسپیکر کے اقدامات کے نتیجے میں اس وقت قومی اسمبلی کی 40 فیصد نشستیں خالی ہو چکی ہیں۔فواد چوہدری نے مائیکروبلا گنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو استعفے ڈی نوٹیفائی نہ کرنے کے لیے خط لکھ دیا گیا ہے۔
اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ محدود تعداد میں اسمبلی جانے کا مقصد راجہ ریاض کو اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے فارغ کرنا تھا ورنہ اس قومی اسمبلی کی کوئی نمائندہ حیثیت نہیں کہ اس میں واپس جائیں۔
راجہ ریاض کو بچانے کیلئے اسپیکر کے اقدامات کے نتیجے میں اس وقت 40فیصد نشستیں خالی ہو چکی ہیں، ملک انتخابات کے مزید قریب آگیا ہے، اس بحران کا واحد حل قومی انتخابات ہیں حکومت کتنا عرصہ عوام سے کترائے گی آخر فیصلہ لوگوں نے کرنا ہے اور فیصلہ ووٹ سے ہو گا
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) January 24, 2023
اُنہوں نے لکھا کہ اس وقت شہباز شریف حکومت 172 لوگوں کی حمایت کھو چکی ہے اور حکومت بچانے کے لیے لوٹوں پر انحصار کر رہی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا ہے کہ ملک انتخابات کے مزید قریب آ گیا ہے، اس بحران کا واحد حل قومی انتخابات ہیں۔فواد چوہدری نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے لکھا کہ حکومت کتنا عرصہ عوام سے کترائے گی؟ آخر فیصلہ لوگوں نے ہی کرنا ہے جو ان کے ووٹ سے ہو گا۔