یکم ستمبر سے عوام کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) حکومت نے یکم ستمبر سے عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری سنا دی ہے، پٹرول کی قیمت میں ساڑھے 3 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 5 روپے فی لیٹر کمی کا امکان، سیلز ٹیکس اور پٹرولیم لیوی کی شرح میں ردوبدل سے قیمتوں میں مزید تبدیلی ہوسکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری وزارت پٹرولیم کو ارسال کردی ہے، سمری میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سفارش کی گئی ہے، پٹرول کی قیمت میں ساڑھے 3 روپے فی لیٹر کمی کی تجویز ہے، ہائی اسپیڈ ڈیز ل میں 5 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔
لائٹ ڈیزل میں 2 روپے فی لیٹر، اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔ پٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں کمی کی تجاویز موجودہ سیلز ٹیکس اور پٹرولیم لیوی کے مطابق تیار کی گئی ہیں، سیلز ٹیکس اور پٹرولیم لیوی کی شرح میں ردوبدل سے قیمتوں میں مزید تبدیلی ہوسکتی ہے۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیراعظم عمران خان کی مشاورت کے بعد کرے گی، نئی قیمتوں پر عملدرآمد یکم ستمبر سے ہوگا۔

یاد رہے اس سے قبل 27 اگست کو وزارت خزانہ نے پٹرول پر سیلز ٹیکس کی شرح کم کرکے 10.54 فیصد کر دی تھی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول پر سیلز ٹیکس کی شرح 10.77 فیصد تھی جسے کم کرکے 10.54 فیصد کردیا گیا ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر سیلز ٹیکس کی شرح بغیر کسی کمی کے 17فیصد، مٹی کے تیل پر شرح 6.70 فیصد اور لائٹ ڈیزل آئل پر سیلز ٹیکس کی شرح 0.20 فیصد برقرار رہے گی۔
پٹرول پر سیلز ٹیکس کی نئی شرح کا اطلاق 16 اگست سے ہوا تھا۔ دوسری جانب وزارت خزانہ نے ماہانہ معاشی آؤٹ لک رپورٹ جاری کی ہے، جس کے تحت عالمی سطح پر غذائی اجناس کی قیمتیں بڑھنے کے باعث پاکستان میں بھی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، جولائی میں مہنگائی کی شرح 8.4 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ رواں ماہ مہنگائی کی شرح 7.7 فیصد سے 9.2 فیصد ہونےکا امکان ہے۔ جس کے باعث پاکستان میں غذائی بحران سے بچنے کیلئے اشیائے خوردونوش کو ذخیرہ کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ بحران سے نمٹنے کیلئے اسٹریٹجک ذخائر بھی قائم کرنے کا پلان بنایا گیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert