خواتین کی کالز پر 15 منٹ میں پولیس رسپانس کو یقینی بنانے کا فیصلہ

لاہور(قدرت روزنامہ) صوبہ پنجاب میں خواتین کی جانب سے موصول ہونے والی جرائم کی کالز پر 15 منٹ میں پولیس رسپانس کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق اس ضمن میں آئی جی پنجاب انعام غنی نے صوبے کے تمام اضلاع میں فوری طور پر اینٹی ویمن ہراسمنٹ اینڈ وائلنس سیل قائم کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔

آئی جی پنجاب نے اس حوالے سے احکامات دیے ہیں کہ آئندہ ایک ہفتے کے اندر صوبے کے ہر ضلع میں اینٹی ویمن ہراسمنٹ اینڈ وائلنس سیل کو فعال بنایا جائے۔

ہم نیوز کے مطابق آئی جی انعام غنی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ خواتین سے متعلقہ جرائم کی روک تھام اور مقدمات کی میرٹ پر تفتیش یقینی بنائیں گے۔

صوبہ پنجاب کے آئی جی نے کہا ہے کہ ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب اینٹی ویمن ہراسمنٹ اینڈ وائلینس سیل کے قیام کی کلوز مانیٹرنگ کریں گے جب کہ اضلاع میں بننے والے یہ خصوصی سیل سی پی اوز اور ڈی پی اوز کی نگرانی میں کام کریں گے۔

ہم نیوز کے مطابق آئی جی پنجاب انعام غنی نے ہدایت کی ہے کہ اینٹی ویمن ہراسمنٹ اینڈ وائلینس سیل میں فون کالز کی موصولی کے لیے مناسب ٹیلی فون لائنز کا انتظام بھی یقینی بنایا جائے۔

WhatsApp
Get Alert