ڈاکٹر امجد ثاقب نے اپنا ایوارڈ کس کے نام کیا؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نوبیل طرز پر ایشیائی رامن مگسے سے ایوارڈ حاصل کرنے والے ’اخوت‘ کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب نے اپنا ایوارڈ پاکستان اور پاکستانیوں کے نام کردیا۔

ایوارڈ کے اعلان کے بعد ڈاکٹر امجد ثاقب نے ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا کہ ’میں رامن مگسے سے ایوارڈ حاصل کرنے پر مبارکباد کے پیغامات بھیجنے والوں کا شکرگزار ہوں۔‘

ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ ’مواخات ہماری مشترکہ میراث ہے اور اخوت ہماری مشترکہ کوشش ہے۔‘

اپنے پیغام کے آخر میں انہوں نے کہا کہ ’میں یہ ایوارڈ آپ سب کو اور اپنے پاکستان کو وقف کرتا ہوں۔‘


واضح رہے کہ انسانیت کی خدمت کے اعتراف میں ایشیا کے ممتاز رامن مگسے سے ایوارڈ کیلئے پاکستان کے محمد امجد ثاقب کا اعلان کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ ایشیا کے ممتاز رامن مگسے سے ایوارڈ کو اس سال سے بحال کیاگیا ہے، نوبیل طرز پر ایشیائی رامن مگسے سے ایوارڈ اب تک پاکستان کی نو شخصیات کو دیاجا چکا ہے۔

ان ممتاز شخصیات میں مرحوم عبد الستار ایدھی، بلقیس ایدھی، اورنگی پائلٹ پراجیکٹ کے اختر حمید خان، شعیب سلطان خان، عاصمہ جہانگیر، ڈاکٹر ادیب رضوی، تسنیم احمد صدیقی، ڈاکٹر رتھ فاؤ، آئی اے رحمان کا نام بھی شامل ہے۔

رامن مگسے سے ایوارڈ ایشیا میں انسانی خدمت کے شعبوں میں نمایاں کارنامے انجام دینے والی چار شخصیات اور ایک تنظیم کو دیا جائے گا، یہ وہ شخصیات ہیں جنہوں نے ایشیا کے لوگوں کا سرفخر سے اونچا کیا ہے۔