کشمیر کی آزادی اب زیادہ دور نہیں ہے، تنویر الیاس


کراچی (قدرت روزنامہ)وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ ہمارا ایمان ہے کہ کشمیر کی آزادی اب زیادہ دور نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن کشمیر کے حوالے سے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک ہے، ہندوستان کی ہماری بہنوں بیٹیوں کے ساتھ ایسی زیادتی کو کیا نام دیا جائے جبکہ کشمیر کے حوالے کوئی بھی دن ایسا نہیں جس دن ایسی صورت حال نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنانی کشمیر کمیٹی میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر غور کیا گیا، کشمیر کمیٹی کے اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا جبکہ آج کے اجلاس میں ہندوستان کی منہ زوریاں روکنے پر غور کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ او آئی سی اور انسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیر کے حوالے سے آوازیں اٹھائیں گی جبکہ او آئی سی اور دیگر تنظیموں کو متحرک کرنے کیلئے ہم مختلف تجاویز دے رہے ہیں اور انشاء اللہ ان تجاویز پر عمل ہوکر تبدیلی نظر آئے گی۔وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے مزید کہا کہ کشمیر کی آزادی تقسیم ہند کا مکمل ایجنڈا ہے اور ہمارا ایمان ہے کہ کشمیر کی آزادی اب زیادہ دور نہیں ہے۔