اسلام آباد(قدرت روزنامہ) اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کی سمری حکومت کو بھجوا دی . پیٹرول کی قیمت میں 13 روپے 60 پیسے تک اضافے کا امکان ہے .
ذرائع کے مطابق اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں سے متعلق دو تجاویز بحھجوائیں جس میں پیٹرول اور ڈیزل پر دو سے 5 فیصد فی لیٹر جی ایس ٹی عائد کرنے کی تجویزبھی شامل ہے .
دو فیصد جی ایس ٹی عائد کرنے پر پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے جبکہ 5 فیصد جی ایس ٹی عائد ہونے کی صورت میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 13 روپے 60 پیسے تک اضافے کا امکان ہے .
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیزل پر 5 سے 10 روپے فی لیٹر لیوی عائد کرنے اور ڈیزل کی قیمت میں 10 سے 15 روپے فی لیٹر اضافہ کرنے کی تجویز بھی بھجوائی گئی ہے .
اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کی بھی تجوز دی ہے . گزشتہ 15 روز میں عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے . اس دوران عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 74 ڈالر فی بیرل تک رہی . عالمی منڈیوں کے تناسب سے ٹیکس عائد کر کے بھی قیمتیں برقرار رکھی جا سکتی ہیں .
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق حتمی فیصلہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار وزیراعظم شہباز شریف سے مشاورت کے بعد کریں گے . پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12بجے تک ہونے کا امکان ہے .