بلاول نے پختونخواہ میں گورنر راج ختم کرنے کا مطالبہ کردیا ! اسد عمر

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ “عشق قاتل سے بھی، مقتول سے ہمدردی بھی” بلاول نے پختونخواہ میں گورنر راج ختم کرنے کا مطالبہ کردیا !
ایکس پر اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ بلاول نے پختون خواہ میں گورنر راج ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
منطقی اگلا قدم اپنی ہی پارٹی کے گورنر کو احتجاج میں استعفا دینے کی ہدایت ہونی چاہئے۔
ورنہ یہی کہنا پڑے گا کہ “عشق قاتل سے بھی مقتول سے ہمدردی بھی”
رہنماء پی ٹی آئی سینیٹر مشعال یوسفزئی نے ایکس پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جو خود پہ آئی تو یاد آیا ؟
بلاول نے پختون خواہ میں گورنر راج ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ منطقی اگلا قدم اپنی ہی پارٹی کے گورنر کو احتجاج میں استعفا دینے کی ہدایت ہونی چاہئے۔ ورنہ یہی کہنا پڑے گا کہ "عشق قاتل سے بھی مقتول سے ہمدردی بھی"
— Asad Umar (@Asad_Umar) November 17, 2026
بلاول صاحب بسم اللّٰہ کرے اور اپنی پارٹی کی مال غنیمت پر بنی ایم پی ایز ، ایم این ایز سے کہے کہ استعفیٰ دے ، ان کے تو خیبر پختونخوا سے دو سینیٹرز بھی اسی چھینی گئی مخصوص نشستوں کی وجہ سے بنے ہیں ۔
یہی گزارش مولانا فضل الرحمان صاحب کے لیے بھی ہے کیونکہ اب گفتار کے غازی بننے کا وقت گزر چکا ہے ، بہت دیر ہوچکی ہے ۔ ہمِیں آپ کے قول پر بھروسہ نہیں ، آپکو بھی عملی اقدامات کر کے اپنے فعل سے ثابت کرنا ہوگا۔
یاد رہے چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے ملکی سیاست میں انتقامی کارروائیوں کی روایت کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے، سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے اور مخصوص نشستیں اپوزیشن کو واپس کرنے کا مطالبہ کردیا، ان کا کہنا ہے کہ ملک کے سیاسی نظام کو مستحکم کرنے اور پارلیمان کو مؤثر انداز میں چلانے کے لیے عمران خان، پاکستان تحریک انصاف اور مولانا فضل الرحمان سمیت تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کا اعتماد بحال کرنا ناگزیر ہے۔
کراچی پریس کلب میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ عمران خان کا نام لینا سیکھو اور مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ساتھ عمران خان اور پی ٹی آئی کا بھی اعتماد بحال کرنا ہوگا، ہمیں کوئی پسند ہو یا نہ ہو، تمام سیاسی جماعتیں ملک کی اسٹیک ہولڈر ہیں اور ان کے بغیر ملک کا نظام نہیں چل سکتا، اپوزیشن کی مخصوص نشستیں اپنی جیب میں ڈال کر حکومتی بینچوں پر بیٹھنا جمہوریت نہیں ہے، اس لیے یہ مخصوص نشستیں ہر صورت اپوزیشن کو واپس کرنا ہوں گی اور سیاسی قیدیوں کو بھی آزاد کرنا پڑے گا کیونکہ آج نہیں تو کل یہ سب کچھ ہونا ہی ہے۔
ملک کی آئینی و پارلیمانی صورتحال پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا کہ 27ویں آئینی ترمیم جبری اکثریت کے ذریعے منظور کروائی گئی، حکومت مولانا فضل الرحمان کی جانب سے اٹھائے جانے والے سوالات کا سنجیدگی سے جواب دے، ملکی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں نے ہی یہ کہا کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے، اگر واقعی یہ چاہا جاتا ہے کہ سسٹم ری سیٹ ہو اور پارلیمان درست طریقے سے کام کرے تو سیاست میں انتقامی کارروائیوں کی روایت کو ختم کرنا ہوگا۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ ملک میں نظام کے کولیپس ہونے کی اصل اور بنیادی وجوہات پر بات کرنے کے بجائے صرف سطحی علاج پر توجہ دی جا رہی ہے، اور جب تک ان بنیادی وجوہات کا حل تلاش نہیں کیا جائے گا، نظام کو مستحکم کرنا ممکن نہیں ہوگا، 1947ء سے لے کر آج تک یہی روایت چلی آ رہی ہے کہ جو بھی وزیراعظم بنتا ہے اسے جیل جانا پڑتا ہے اور جو جیل جاتا ہے وہ پھر دوبارہ وزیراعظم ہاؤس میں جا کر بیٹھ جاتا ہے۔
