جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ کرنا عدالت کی توہین کے مترادف ہے، رانا ثناء اللہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ کرنا عدالت کی توہین کے مترادف ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ آج عمران خان کی پیشی کے موقع پر پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے دروازہ توڑا گیا ہے، وہاں لگے سی سی ٹی وی کمرے بھی توڑے گئے ہیں ۔
انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان کی جانب سے پورے جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ کی گئی ہے، غنڈہ گردی کی گئی ہے اور ایک ایسا ماحول پیدا کیا گیا ہے جو کہ جوڈیشری کے بطور عدالت کی توہین کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس توڑ پھوڑ اور غنڈہ گردی کی بناء پر اس عمرانی ٹولے پر دہشتگردی کی دفعات، جوڈیشل کمپلکس پر حملہ کرنے وہاں توڑ پھوڑ کرنے اور عدلیہ کی عزت اور تکریم کو پامال کرنے کے سلسلے میں مقدمہ درج کیا جارہا ہے اور جو لوگ اس میں ملوث تھے ان کو گرفتار کیا جائیگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاملہ پوری قوم کے سامنے ہے، وہ دیکھ رہے ہیں کہ کس طرح سے اس فتنے کو عدالتوں کی طرف سے ایک اسپیشل ٹریٹمنٹ دیا جارہا ہے ۔خیال رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی پیشی پر جوڈیشل کمپلیکس تھوڑ پھوڑ کے الزام تحریک انصاف کے رہنماؤں کیخلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری ہوگئے ہیں۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی جی اسلام آباد کو جوڈیشل کمپلیکس واقعے کی ابتدائی رپورٹ پیش کر دی گئی اور واقعے کی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمرہ اور اہلکاروں کو زبردستی پیچھے دھکیل کر کار سرکار مداخلت کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ مقدمہ سرکار کی مدعیت میں تھانہ رمنا میں درج کیا جائے گا جس میں مراد سعید ،علی نواز اعوان، عمران خان کے سیکورٹی انچارج احمد نیازی سمیت 32 لوگوں کو نامزد کیا جائیگا۔ذرائع نے بتایا کہ مقدمہ درج کرکے آج ہی پی ٹی آئی رہنماؤں کو گرفتار کیا جائے گا۔