نواز شریف کو معلوم تھا پراجیکٹ عمران خان کو لایا جا رہا، عظمیٰ بخاری


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ نواز شریف کو معلوم تھا پراجیکٹ عمران خان کو لایا جا رہا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاکستان ٹرک انصاف پارٹی ہے وہ بہت خفا ہیں لیڈر کو گیدڑ کیوں کہا۔
انہوں نے کہا کہ مشرف دور میں دیواریں پھلانگ کر بھاگ گئے، پلاسٹر اتارا تو باتھ روم میں چھپ گئے، لیڈر نواز شریف ہوتا ہے جسے سازش کر کے ہٹایا جائے۔عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ گیدڑ وہ ہوتا ہے جو آر ٹی ایس پر بیٹھ کر اقتدار میں آتا ہے، جس کی طبیعت پولیس کو دیکھ کر خراب ہو جاتی ہے۔
مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان نے کہا کہ عدالت میں بلایا جائے تو جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ پر ضمانت مل جاتی ہے، پاکستان کا نظام عدل سوالیہ نشان بنا ہوا ہے۔ان کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان ٹرک انصاف کی ہر آڈیو کو جھوٹا قرار دیا جاتا ہے، حکومت عمران خان کو گرفتار کر کے دماغ کا معائنہ کرائے، زمان پارک میں دو خواتین کی ٹیلی فونک گفتگو سن لیں تو شرم آتی ہے۔
ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کے لیے تیار ہیں، لڑیں گے، ہوم ورک تیار ہو گیا ہے، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کی لڑائی میں ن لیگ کو رگڑا نہ دیں، پاکستان کن معاشی مشکلات میں ہے ان کا بلاول بھٹو کو پتہ ہے۔