سراج الحق نے ملکی مسائل کا حل الیکشن کو قرار دے دیا
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں عام انتخابات کا اعلان کیا جائے یہی مسائل کا حل ہے، مرکز اور چاروں صوبوں میں ایک دن الیکشن کا اعلان ہونا چاہیے۔کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ مولانا ہدایت الرحمٰن صرف جماعت اسلامی کا نہیں پورے علاقے کا لیڈر ہے اگر انہیں رہا نہ کیا گیا تو صورتِ حال کی ذمے دار حکومت ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ گوادر کے مقامی لوگوں کے مطالبات بالکل جائز ہیں، یہاں کے لوگ غیرقانونی ٹرالنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں۔سراج الحق نے کہا کہ بلوچستان میں پارٹیاں اور چہرے بدلتے ہیں، لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی نہیں آتی، تمام سیاسی جماعتیں حکومت میں شامل ہیں، عوام مشکل سے دوچار ہیں۔
جماعت اسلامی کے امیر نے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت نے ملک کو تباہی تک پہنچایا ہے، موجودہ حالات کی ذمے دار پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی ہے۔سراج الحق نے کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی میں جماعت اسلامی کے مینڈیٹ کو تسلیم کرے۔