“عورت بانجھ ہو تو سب کو بتایا جاتا ہے لیکن اگر مرد میں مسئلہ ہو تو اسے چُھپا لیا جاتا ہے”، سنیتا مارشل

کراچی(قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو ماڈل و اداکارہ سنیتا مارشل نے حال ہی میں نجی ٹی وی کی 6 اقساط پر مشتمل ڈرامہ سیریل “سرراہ ” میںایک ڈاکٹر بہو مزنہ کا کردار نبھایاہے.چھ اقساط پر مشتمل اس سیریز کی ہر کہانی مختلف اور حساس موضوعات پر مبنی تھی۔ سنیتا نے اپنے کردار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ “اس ایک قسط میں تین چار پہلوؤں پر بات کی گئی، جن میں میڈیکل کی تعلیم کے بعد لڑکیوں کا پریکٹس جاری رکھنا، مردوں میں بانجھ پن پر بات چیت کی ضرورت اور بچوں کو گود لینا شامل ہیں”۔
بی بی سی نیوز کے مطابق حال ہی میں سنیتا مارشل نے ہمارے معاشرےکے مختلف پہلووَں سوچ پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے ۔ اداکارہ سنیتا مارشل نے شادی کیلئے بڑی عمر کی لڑکی کے انتخاب کو بُرا سمجھے جانے پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ” یہ ہمارے معاشرے میں ایک خوف کی علامت بنا دیا گیا ہے کہ کم عمر لڑکے کی بڑی عمر کی لڑکی سے شادی نہیں کی جاتی۔یہ ضروری نہیں کہ لڑکاعمر میں بڑا اور لڑکی چھوٹی ہو اس کا شادی کامیاب ہونے سے کوئی تعلق نہیں البتہ خواتین گھریلو معاملات میں زیادہ سمجھدار ہوتی ہیں اور وہ اگر بڑی عمر کی ہوں تو شادی کی کامیابی کے زیادہ نتائج دکھائی دیں گے”۔ سنیتا مارشل نے انٹرویو میں گفتگو کے دوران انکشاف کیا کہ “وہ بھی اپنے شوہر سے عمر میں ایک سال بڑی ہیں اور اس سے ان کی شادی یا ان کے شوہر پر کوئی اثر نہیں پڑتا”۔
اداکارہ نے عورت کے بانجھ پن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اسے بھی ایک المیہ قرار دیا کہ” ہمارے ہاں اگر عورت بانجھ ہو تو سب کو بتایا جاتا ہے لیکن اگر مرد میں یہ مسئلہ ہو تو اسے چُھپا لیا جاتا ہے۔ سارا دباؤ پھر عورت پر آجاتا ہے کہ لوگ اُس کو باتیں سناتے ہیں۔ اس میں مردوں کو بھی ایک سٹینڈ لینا چاہیے کہ جو سچ ہے وہ بتا دیں اور سارا بوجھ عورت کے سر پر نہ ڈالیں”۔انھوں نے بچہ گود لینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ “اگر آپ کا بچہ نہیں ہو رہا تو ہمارے ہاں بہت سے یتیم خانے ہیں جہاں پر ایسے بہت سارے بچے ہیں جن کو آپ کی ضرورت ہے تو کیوں نہیں! اس بارے میں سب سے کہوں گی کہ سوچیں”۔
یاد رہے کہ سنیتا مارشل پاکستان شوبز کے اداکار حسن احمد کی اہلیہ ہیں اس خوبصورت جوڑی نے سن 2009 میں پسند سے شادی کی اور ان کے دو بچے بھی ہیں۔سنیتا مارشل ان دِنوں نئے ڈرامے پنجرہ اور مختصر سیریز سرِراہ میں بااختیار عورت کا کردار نبھاتی نظر آرہی ہیں۔