پی ڈی ایم اے بلوچستان اور یوتھ آرگنائزیشنز کا مسلم باغ کے دور افتادہ علاقے کنچوگی میں ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کی تربیت مکمل
قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مقامی نوجوانوں کی تربیت اہم پیش رفت ہے، پی ڈی ایم اے بلوچستان

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پی ڈی ایم اے بلوچستان اور یوتھ آرگنائزیشنز بلوچستان کے اشتراک سے ضلع قلعہ سیف اللہ کی تحصیل مسلم باغ کے یونین کونسل کنچوگی میں ایمرجنسی رسپانس ٹیموں (ERTs) کے لیے دو روزہ تربیتی پروگرام کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔ یہ تربیت “ری اسٹورنگ سوشل سروسز اینڈ کلائمٹ ریزیلینس (RSSCR)” منصوبے کے تحت پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (PPAF) کے مالی تعاون سے منعقد کی گئی۔اس تربیت میں مقامی کمیونٹی کے تقریبا 45 افراد نے شرکت کی، جنہیں ابتدائی طبی امداد، سی پی آر، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے طریقے، آگ بجھانے، انخلا اور سیلاب جیسے قدرتی خطرات سے بچا کی عملی مشقوں سے روشناس کرایا گیا۔
تربیت کے اختتام پر پی ڈی ایم اے بلوچستان کے ڈائریکٹر ریسکیو ظہیر احمد بلوچ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر PDMA اسغر علی جمالی نے یوتھ آرگنائزیشنز کے سی ای او حمید اللہ خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے دور دراز اور خطرناک علاقوں میں نوجوانوں کو متحرک کر کے تربیت دینا قابلِ تحسین اقدام ہے۔پی ڈی ایم اے بلوچستان نے مستقبل میں بھی یوتھ آرگنائزیشنز کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں موسمیاتی خطرات سے نمٹنے اور مقامی سطح پر قدرتی آفات کے خلاف تیاری کے لیے انتہائی ضروری ہیں۔
