مکہ مکرمہ کے کلاک ٹاور نے دو عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیے

سعودی عرب (قدرت روزنامہ)سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ میں واقع کلاک ٹاور نے دو عالمی اعزازات اپنے نام کرلیے ہیں۔

اس عمارت میں قائم میوزیم کو دنیا کی بلند ترین عمارت کے اندر موجود میوزیم جبکہ اس کے بیرونی آبزرویشن ڈیک کو دنیا کا بلند ترین آؤٹ ڈور آبزرویشن ڈیک قرار دے دیا گیا ہے۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز نے دونوں اعزازات کی باضابطہ تصدیق کردی ہے۔

گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے مکہ مکرمہ سٹی اور مقدس مقامات کے رائل کمیشن نے منگل کو اس کامیابی کا اعلان کیا۔

کمیشن کے مطابق کلاک ٹاور میوزیم سطح زمین سے 426.875 میٹر کی بلندی پر واقع ہے، جس کی وجہ سے اسے دنیا کی کسی عمارت کے اندر قائم سب سے بلند میوزیم کا اعزاز ملا ہے۔

کلاک ٹاور کے بیرونی آبزرویشن ڈیک نے بھی عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ یہ سطح زمین سے 560.875 میٹر کی بلندی پر واقع ہے اور اسے دنیا کا بلند ترین بیرونی آبزرویشن ڈیک قرار دیا گیا ہے۔

یہ دونوں مقامات مکہ کلاک ٹاور کمپلیکس کا حصہ ہیں، جہاں سے مسجد الحرام کا نظارہ کیا جاسکتا ہے۔ یہ کمپلیکس مقدس ترین مقام مسجد الحرام کے قریب واقع ہے۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق یہ دونوں عالمی ریکارڈ 5 جنوری 2026 کو قائم ہوئے تھے، تاہم سعودی حکام نے 17 نومبر کو ان اعزازات کی باضابطہ شناخت کا اعلان کیا۔

رائل کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ کامیابیاں مکہ مکرمہ کے تعمیراتی اور ثقافتی مقامات کو مزید ترقی دینے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔

اس منصوبے کا مقصد شہر میں رہنے والوں اور یہاں آنے والے زائرین کے لیے سہولتیں بہتر بنانا اور لاکھوں عازمین حج و عمرہ کے تجربے کو مزید بہتر بنانا ہے۔

کمیشن کے مطابق مکہ مکرمہ کے تاریخی، سائنسی اور تعمیراتی ورثے کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنا بھی ان کوششوں کا حصہ ہے، تاکہ شہر کی مذہبی اور ثقافتی اہمیت کو عالمی سطح پر مزید نمایاں کیا جاسکے۔

WhatsApp
Get Alert