عمران خان کے انتشار، الزام تراشی اور نفرت کے’وژن‘ سے قوم خوب واقف ہے، شیری رحمٰن


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ عمران خان کہتے ہیں وہ آج جلسے میں اپنے ’حقیقی آزادی‘ کے وژن پر روشنی ڈالیں گے، آپ کے وژن سے قوم ہر روز مستفید ہوتی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں شیری حمٰن نے کہا کہ آپ کے انتشار، گالم گلوچ، الزام تراشی، نفرت اور تقسیم کے ’وژن‘ سے قوم خوب واقف ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ملک میں جو بحران اور طوفان بدتمیزی برپا ہے وہ آپ ہی کے ’وژن‘ کے بدولت ہے، آئین کی خلاف ورزی، عدالت اور قانون کی توہین ہی آپ کا وژن اور سیاست ہے۔
شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ گرفتاری سے بچنے کے لیے ریاست اور عدالت کی رٹ کو چیلنج کر کے آپ جلسوں میں ’حقیقی آزادی‘ کے نعرے لگا رہے۔پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری نے کہا کہ آپ امریکی لابنگ کمپنیوں سے معاہدے کر کے کس منہ سے امریکی غلامی اور حقیقی آزادی کے لیکچر دے رہے؟ جلسہ بے شک کریں لیکن انتشار اور تقسیم کو ہوا نہ دیں۔