گیس مافیا نے ایل پی جی کی قیمت میں من مانا اضافہ کر دیا


لاہور(قدرت روزنامہ) گیس مافیا نے ایل پی جی کی قیمت میں من مانا اضافہ کرتے ہوئے قیمت میں 20 روپے فی کلو اضافہ کر دیا۔ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھو کھر کے مطابق ایل پی جی 300 روپے فی کلو پر پہنچ گئی ہے جبکہ گھریلو سیلنڈر کی قیمت میں 240 روپے کا اضافہ ہو گیا۔
سرکاری قیمت 2702 کے بجائے بلیک میں 3600 میں فروخت جاری ہے، کمرشل سیلنڈر کی قیمت بلیک میں 13500 پر پہنچ گئی ہے۔رمضان کے مقدس ماہ میں ایل پی جی کی لوٹ مار عروج پر پہنچ گئی، پہاڑی اور دور دراز علاقوں اور دیہاتوں میں گیس 320 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے جبکہ گلگت بلتستان میں 350 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔
عرفان کھوکھر نے گیس مافیا کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا ہے، انکا کہنا تھا کہ تمام ضلع کے صدور اپنے اپنے ضلع میں ڈپٹی کمشنر آفس کے باہر احتجاج کریں اور تمام ضلع کے صدور اپنے ڈی سی کو مہنگی گیس پر شکایت کریں۔