پنجاب

عمران خان کی 121 مقدمات میں کارروائی روکنے کی درخواست سماعت کیلیے مقرر


لاہور (قدرت روزنامہ)لاہور ہائیکورٹ نے چئیرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان کی 121 مقدمات میں کارروائی روکنے کی درخواست سماعت کیلیے منظور کرلی۔لاہور ہائی کورٹ کا جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل 2 رکنی بینچ درخواست کی سماعت آج کرے گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے اوپر قائم 121 مقدمات کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
درخواست میں سیکرٹری داخلہ، وزارت قانون، دفاع، سیکرٹری کیبنیٹ ڈویژن، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب، اینٹی کرپشن، نیب، ایف آئی اے، وزیر اعظم، پیمرا اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔عمران خان کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں مجھ پر 121 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ مقدمات کوئٹہ، کراچی، اسلام آباد اور لاہور میں درج کیے گئے۔ درخواست کے فیصلے تک عدالت تمام درج مقدمات میں کارروائی روکنے کا حکم دے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ پہلے سے درج مقدمات میں تادیبی کارروائی سے روکا جائے اور عدالت بغیرنوٹس فوجداری کارروائی کرنے سے روکنےکا حکم جاری کرے۔

متعلقہ خبریں