شاہد خاقان معذرت کریں یا ثبوت مہیا کریں: وزیرِ اطلاعات پنجاب


لاہور (قدرت روزنامہ)نگراں وزیرِ اطلاعات پنجاب عامر میر نے شاہد خاقان عباسی کے الزامات پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہدخاقان معذرت کریں یا ثبوت مہیا کریں۔عامر میر کا کہنا ہے کہ مفت آٹا اسکیم میں ایک پائی کی بھی کرپشن نہیں ہوئی۔
اُنہوں نے کہا کہ الزام لگانے والوں کی اپنی ساکھ مجروح ہوئی، آٹا اسکیم پنجاب کی تاریخ کی کامیاب ترین اسکیم رہی، اس اسکیم سے پنجاب کے 3 کروڑ مستحق لوگوں نے فائدہ اٹھایا۔عامر میر نے کہا کہ آٹا اسکیم کو وفاقی اور پنجاب حکومت نے مل کر فنڈ کیا، اس اسکیم کو پارٹی کی اندرونی سیاست کی بھینٹ چڑھانا سرا سر زیادتی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ شاہدخاقان عباسی یا تو معذرت کریں یا ثبوت مہیا کریں، نگراں پنجاب حکومت پر الحمدلِلّٰہ کوئی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا۔نگراں وزیرِ اطلاعات پنجاب عامر میر نے یہ بھی کہا ہے کہ نگراں پنجاب حکومت ایک ایک پائی کا حساب دے سکتی ہے۔