پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار حج کوٹہ سعودی عرب کو واپس کردیا گیا


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) ملکی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ حج کوٹہ مکمل نہ ہونے کے باعث سعودی عرب کو واپس کردیا گیا۔وزارت مذہبی امور کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ سرکاری اسکیم کا 8 ہزار عازمین کے لیے ملنے والا کوٹہ واپس کردیاگیا ہے، جس کی وجہ بتائی گئی ہے کہ سرکاری اسکیم کے تحت کم درخواستیں موصول ہونے پر حج کوٹہ واپس کرنا پڑا۔
ذرائع وزارت حج کے مطابق حج کوٹہ واپس نہ کیا جاتا تو رہائش گاہوں کے کرایے اور دیگر اخراجات کی مد میں 24ملین ڈالرز اضافی ادا کرنے پڑتے۔ حج کوٹے کی واپسی کا فیصلہ وفاقی کابینہ نے کیا۔واضح رہے کہ مہنگے حج کے سبب بہت سے پاکستانی رواں برس درخواستیں ہی نہیں دے سکے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے کہ حج کوٹہ گزشتہ مردم شماری کے تناسب سے ایک لاکھ 79 ہزار 210 سے بڑھا کر 2 لاکھ 10 یا 20 ہزار کیا جائے، تاہم رواں برس پاکستان کو کئی سال کے بعد ایک لاکھ 79 ہزار کا پورا حج کوٹہ ملا، اور اسے بھی مکمل استعمال نہیں کیا جا سکا ہے۔