عمران خان کی گرفتاری سے آئینی اور سیاسی بحران پیدا ہوگا : فواد چودھری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصا ف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم نے عوام اور فوج کو آمنے سامنے کھڑا کردیا ہے,، عمران خان کی گرفتاری سے آئینی اور سیاسی بحران پیدا ہوگا۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصا ف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان میں خطرناک تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، عمران خان کی گرفتاری سے آئینی اور سیاسی بحران پیدا ہوگا، فوج کے ساتھ ہمارا گہرا تعلق ہے، ممکن ہی نہیں کہ پی ٹی آئی اور فوج میں رخنہ ڈالا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو غریبوں کیلئے یونیورسٹی بنانے پر گرفتار کیا گیا ، پرامن احتجاج پاکستان کے عوام کا فرض ہے ، سگنلز بند کرکے لیڈر شپ کو عوام سے کاٹ دیا گیا، عمران خان کو اس جرم کی سزا دی جارہی ہے کہ وہ مڈل کلاس لوگوں کو حقوق دلانے کیلئے لیڈ کرتے ہیں۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ بلومبرگ نے رپورٹ دی کہ عمران خان کی گرفتاری سے ملک کے ڈیفالٹ ہونے کا خطرہ ہے، پاکستان کی سلامتی کو خطرہ درپیش ہوجائے گا، سیاسی مسائل کی وجہ سے معاشی مسائل بڑھائے گئے، اس وقت پاکستان میں مخصوص حالات پیدا کیے جارہے ہیں۔