جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کا مقدمہ، ٹک ٹاکر منیب خان کو شناخت کرلیا گیا


عدالت نے ٹک ٹاکر منیب خان کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا
لاہور(قدرت روزنامہ) انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے کی سماعت ہوئی جس میں ٹک ٹاکر منیب خان کو شناخت کرلیا گیا ۔پولیس نے تفتیش کے لیے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ۔عدالت نے ٹک ٹاکر منیب خان کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ، عدالت نے منیب کو دس اگست کو دوبارہ عدالت پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
9 مئی کو چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کے حامیوں کی جانب سے ملک بھر میں پرتشدد ہنگامے کیے گئے تھے،سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا اور فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے۔پولیس کی جانب سے مختلف ویڈیوز اور جیو فینسنگ کے ذریعے حملوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے اور شناخت پریڈ کرنے کا عمل جاری ہے۔
9 مئی کو احتجاج کرنے والوں میں معروف ٹک ٹاکر منیب بھی شامل تھے جن کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں وہ کہتے ہیں کہ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہے اورآج یہ ریڈ لائن کراس کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
ہم احتجاج کرنے جی ایچ کیو جا رہے ہیں۔عمران خان کو گرفتار کرکے انہوں نے انتہا کر دی۔عمران خان کی گرفتاری پر پورا پاکستان بند ہوگا کیونکہ ہمیں اسی نے جگایا ہے۔


۔منیب کی بعدازاں سوشل میڈیا پر ایک اور ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں وہ 9 مئی کو احتجاج کا حصہ بنے پر وضاحت پیش کرتے ہیں۔ٹک ٹاکر نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ 9 مئی کو میرا مقصد صرف پرامن احتجاج کرنا تھا اس کے علاوہ میری کوئی نیت نہیں تھی۔
9 مئی کے واقعات سے ہمارے ملک کو بہت نقصان پہنچا۔میرے لیے سب سے پہلے میرا ملک ہے اور پاکستان کی حفاظت کرنے والی پاک آرمی ہے۔میرا ایک انٹرویو وائرل ہے جس میں جی ایچ کیو جانے کی بات کر رہا ہوں، میرا مقصد صرف پرامن احتجاج کرنا تھا۔میں حلفاَ اس چیز کا اقرار کرتا ہوں کہ میں نے ایک پتہ بھی نہیں توڑا۔کسی توڑ پھوڑ میں میرا کردار نہیں،یہاں تک کہ میں جی ایچ کیو کی طرف گیا بھی نہیں، الفاظ جذبات میں ادا کیے گئے جس پر معافی مانگتا ہوں۔معافی مانگتا اپنا فرض سمجھتا ہوں۔منیب خان نے کہا کہ میں آئندہ ایسی کسی سرگرمی میں شامل نہیں ہوں گا۔