کے الیکٹرک ، مہنگی بجلی اور مہنگائی کیخلاف وکلا کا احتجاج، بلز جلادیے


کراچی(قدرت روزنامہ) کے الیکٹرک ، اوور بلنگ، خفیہ چارجز اور مہنگائی کیخلاف وکلا سڑکوں پر نکل آئے۔وکلا نے سندھ ہائیکورٹ سے کراچی پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی اور کے الیکٹرک بل بھی نذر آتش کیئے۔
بجلی کے بلوں اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف وکلا نے احتجاج کیا اور سندھ ہائیکورٹ سے کراچی پریس کلب تک ریلی نکالی۔


ریلی سے قبل سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کا جنرل باڈی اجلاس ہوا۔
سابق وائس چیئرمین سندھ بار کونسل بیرسٹر حیدر امام ایڈووکیٹ نے کہا کہ ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح ملک کو لوٹا جارہا ہے، جو آواز اٹھائے گا اس کو اٹھا لیا جائے گا۔ ایمان مزاری کی طرح کئی خواتین کو لاپتا کیا گیا ہے۔ کے الیکٹرک کے بڑھتے ہوئے بجلی کے بلوں کیخلاف ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وکلا نے کے الیکٹرک اور بلنگ، خفیہ چارجز اور مہنگائی کیخلاف پلے کارڈز اٹھائے رکھے تھے۔ وکلا نے کے الیکٹرک کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔وکلا نے کے الیکٹرک کے بلز بھی نذر آتش کردیئے۔ وکلا نے بجلی کے بلوں میں فوری رلیف دینے اور اضافی ٹیکس فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا۔