مہنگی بجلی کیخلاف بچے اور طالبات بھی سڑکوں پر نکل آئیں


بہاول نگر(قدرت روزنامہ) بجلی کے بلز میں بھاری بھرکم ٹیکسز کیخلاف ننھے بچے بھی میدان میں آگئے۔بہاولنگر کے علاقے چک مدرسہ میں اسکول کے بچوں نے بجلی کے بلوں کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کردیا۔
ننھے طلبہ کا کہنا تھا کہ ہمارے والدین فیس دیں یا اتنے بڑے بڑے بل بھریں خدارا ہمیں پڑھنے دیں ، اگر اتنے بل آئے تو والدین ہمیں اسکول سے اٹھالیں گے۔


ادھر کوٹلی میں سہنسہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کی طالبات بھی سڑکوں پر نکل آئیں اور حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔
طالبات نے روڈ بند کر کے مہنگی بجلی و ظالمانہ ٹیکسز کیخلاف شدید احتجاج کیا۔ انہوں نے محکمہ برقیات ہائے ہائے ، نہیں چلے گی نہیں چلے گی غنڈہ گردی نہیں چلے گی کے نعرے لگائے۔روڈ بند ہونے سے مسافروں اور مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔