بروقت انتخابات؛ ن لیگ اور جے یو آئی میں اختلافات سامنے آ گئے

لاہور(قدرت روزنامہ)ملک میں عام انتخابات کے بروقت ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ ن اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے درمیان اختلافات سامنے آ گئے . جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی عام انتخابات تاخیر سے کرانے کی تجویز کے معاملے پر مسلم لیگ ن نے انتخابات میں مجوزہ تاخیر پر مولانا فضل الرحمٰن کا ساتھ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے .

پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کا آئندہ عام انتخابات الیکشن کمیشن کے مجوزہ شیڈول جنوری 2024ء میں کرانے کی مکمل حمایت کا فیصلہ کیا ہے . مرکزی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ انتخابات میں کسی بھی قسم کی تاخیر کی مسلم لیگ ن بھرپور مخالفت کرے گی . مسلم لیگ ن کی قیادت نے پارٹی کو مقررہ وقت پر ہی انتخابات کے مطالبے پر ڈٹ جانے کی ہدایت دے دی ہے . لیگی مرکزی قیادت نے پارٹی کو مولانا فضل الرحمٰن کے انتخابات میں تاخیر کے مطالبے سے فاصلہ رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے . علاوہ ازیں کہا گیا ہے کہ ٹی وی ٹاک شوز اور دیگر پلیٹ فارمز پر انتخابات میں تاخیر سے متعلق کسی بھی قسم کی تجویز کی مخالفت کی جائے . مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق نواز شریف وطن واپسی پر مینار پاکستان کے جلسے میں انتخابات میں تاخیر کی تجویز کی مخالفت کریں گے . مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف انتخابات آئندہ سال جنوری یا فروری میں ہی کرانے کے حامی ہیں . مسلم لیگ ن عام انتخابات جنوری یا فروری 2024ء سے آگے لے جانے کی مخالفت کرے گی . واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی پہلے ہی عام انتخابات مقررہ وقت پر کرانے کا مطالبہ کر چکی ہے . . .

متعلقہ خبریں