وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کا ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کوئٹہ کا دورہ


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے جمعرات کو ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کوئٹہ کا دورہ کیا اور مختلف تربیتی شعبوں کا معائنہ کیا اس موقع پر ادارے کے پرنسیپل شعیب انور شیرازی نے نگران وزیر اعلیٰ کو ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کی استعداد کار ، کارکردگی اور درپیش مسائل سے متعلق بریفننگ دی بریفننگ میں سابق صوبائی وزیر و ممتاز سماجی شخصیت روشن خورشید بروچہ اور وزیر اعلیٰ کی مشیر برائے سماجی بہبود و ترقی نسواں شانیہ خان بھی موجود تھیں نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روزگار کی فراہمی کے لئے ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے
ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر سے فارغ التحصیل 55 فیصد نوجوان روزگار سے وابستہ ہوچکے ہیں جو ایک اطمینان بخش امر ہے اس ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے انہوں نے کہا کہ صوبائی دارلحکومت کوئٹہ کے ساتھ ساتھ ڈسٹرکٹ سطح پر موجود ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹرزکو فعال بنایا جائے تو اس کے مثبت نتائج سامنے آ سکتے ہیں نگران وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر میں مختلف نئے ٹریڈز متعارف کروائے جائیں تاکہ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق افرادی قوت پیدا کی جاسکے نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے جمعرات کو ایس او ایس چلڈرن ویلج کا بھی دورہ کیا
اس موقع پر ایس او ایس چلڈرن ویلج کی سربراہ روشن خورشید بروچہ نے نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان کو ادارے کی کارکردگی اور بچوں کی کفالت تعلیم و تربیت و مہیا کردہ سہولیات سے متعلق آگاہ کیا نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے ایس او ایس چلڈرن ویلج کی سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ غریب اور بے سہارا بچوں کی کفالت کی زمہ داری قابل تحسین سماجی خدمت ہے اور خدمت خلق کے ایسے سماجی ادارے ہمارے معاشرے کا فخر ہیں صوبائی حکومت ایسے سماجی اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی ، نگران وزیر اعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی نے ایس او ایس ویلج میں زیر کفالت بچوں میں بھی گفٹ تقسیم کئے ،
نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان سے سی ایم سیکرٹریٹ میں سیو دی چلڈرن پاکستان کے کنسلٹنٹ ڈاکٹر یوزان، تعمیر خلق فاؤنڈیشن کے صوبائی سربراہ ہارون داؤد اور ماہر طب ڈاکٹر عبدالحفیظ سیال نے بھی ملاقات کی اور طبی شعبے میں جاری منصوبوں سے آگاہ کیا ، نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں میں صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے غیر سرکاری اداروں کو خوش آمدید کہا جائے گا اور ان سے مکمل مدد و معاونت کی جائے گی۔