پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن میں اکبر ایس بابر کو پورا موقع دیا جانا چاہیے تھا: سربراہ پلڈاٹ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان انسٹیٹیوٹ آف لیجسلیٹیو ڈیولپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی (پلڈاٹ) کے سربراہ احمد بلال محبوب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن میں ووٹرز لسٹ نہیں دی گئی، اکبر ایس بابر کو مقابلہ کرنے کا پورا موقع دیا جانا چاہیے تھا۔
سربراہ پلڈاٹ احمد بلال محبوب نے کہا ہے کہ مجھےنہیں لگتا کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات اچھے طریقے سے ہوئے۔
ان کا کہنا ہے کہ عجلت میں الیکشن کرانا پی ٹی آئی کے حق میں نہیں، مجھے لگتا ہے کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن متنازع ہیں۔
سربراہ پلڈاٹ نے یہ بھی کہا کہ سیاسی جماعتوں کے انٹرا پارٹی الیکشن میں شفافیت نظر نہیں آتی جبکہ سیاسی جماعتیں ملک میں فری اینڈ فیئر انتخابات کی باتیں کرتی ہیں۔
’پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات چیلنج کرینگے‘
دوسری جانب اکبر ایس بابر نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات الیکشن کمیشن میں چیلنج کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات میں بے ضابطگی کے پیشِ نظر الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرائی جائے گی۔
اکبر ایس بابر نے دعویٰ کیا کہ ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد ہم پی ٹی آئی کا حصہ اور بانی رہنما ہیں، آج شام کو انٹرا پارٹی انتخابات کے سلسلے میں اہم پریس کانفرنس کرنے جا رہا ہوں۔
واضح رہے کہ بیرسٹر گوہر بلا مقابلہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں۔