‘گول مال’ اور ‘ہاوْس فُل’ کے معروف اداکار کو فلم کی شوٹنگ کے بعد دل کا دورہ


ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی ووڈ کی سُپر ہٹ کامیڈین فلم “گول مال” کے معروف اداکار شریاس تالپڑے کو اپنی نئی آنے والی فلم کی شوٹنگ کے بعد اچانک دل کا دورہ پڑگیا جس کے بعد اُنہیں اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار شریاس تالپڑے ممبئی میں اپنی نئی آنے والی فلم ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھے، وہ بالکل صحت مند نظر آرہے تھے اور اُنہوں نے شوٹنگ کے دوران فلم کے ایکشن سے بھرپور مناظر بھی بہترین انداز میں شوٹ کیے۔
فلم کی شوٹنگ ختم ہی شریاس تالپڑے اپنے گھر چلے گئے تھے، اُنہوں نے اپنی اہلیہ سے کہا کہ وہ بےچینی محسوس کررہے ہیں جس کے بعد اداکار اپنے نارمل چیک اپ کے لیے گھر سے اسپتال جانے کے لیے نکلے لیکن راستے میں ہی اُنہیں اچانک دل کا دورہ پڑگیا۔ اچانک دل کا دورہ پڑنے کے بعد شریاس تالپڑے کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں اُن کی انجیو پلاسٹی کرائی گئی، اب اداکار کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
دوسری جانب جیسے ہی شریاس تالپڑے کے دل کا دورہ پڑنے کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو کچھ صارفین نے اداکار کے انتقال کی خبریں بھی پھیلانا شروع کردیں تاہم بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اداکار زندہ ہیں اور ابھی بھی ممبئی کے اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
واضح رہے کہ شریاس تلپڑے نے ناصرف ہندی بلکہ مراٹھی فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، اُنہوں نے اپنے کیریئر کے دوران بالی ووڈ کی 45 سے زیادہ فلموں میں کام کیا ہے۔
47 سالہ شریاس تلپڑے کی مقبول ترین بالی ووڈ فلموں میں ‘اوم شانتی اوم’، ‘کمال دھمال’، ‘گول مال 3’، ‘گول مال ریٹرنس’، ‘گول مال اگین’ اور ’ہاوْس فُل 2‘ شامل ہیں۔