پی ٹی آئی کیخلاف سازش پر عدلیہ نے آخری کیل ٹھونک دی، چیئرمین تحریک انصاف
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کیخلاف جو سازش ہو رہی تھی اس پر آخری کیل عدلیہ نے ٹھونک دی ہے۔
پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے فیصلے کو معطل کیے جانے کے بعد پشاور میں بیرسٹر علی ظفر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عدلیہ نے صرف نشان بحال نہیں کیا لوگوں کا اعتماد بھی بحال کردیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عدالت نے ہر شق دیکھی ہے، الیکش کمیشن کا آرڈر معطل ہوگیا ہے۔ الیکشن کمیشن کو آرڈر کیا ہے کہ ہمارا سرٹیفکیٹ فوراً ویب سائٹ پر چڑھا دے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ہماری ترجیح فہرست کو ہولڈ کردیا تھا۔ امید ہے اگلی سماعت پر الیکشن کمیشن کا آرڈر ختم ہوجائے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن سے گزارش کریں گے کہ انتخابات صاف شفاف ہوں۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے ہمارا کیس جس طرح دیکھا اس طرح کسی کا نہیں دیکھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمیں دیوار کے ساتھ لگایا جاریا ہے لیکن ہم نے کہا کہ ہمیں عدلیہ پر اعتماد ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن فوری ہمارا سرٹیفکیٹ ویب سائٹ پر لگائے۔