نیوزی لینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ نہ کرنے پر شاہین آفریدی نے کیا کہا؟


ڈنیڈن (قدرت روزنامہ)پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ گراؤنڈ کی تاریخ بتا رہی تھی کہ یہاں ہدف کا تعاقب آسان ہوتا ہے، ٹیم کے مشورے کے بعد ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ ڈنیڈن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ بابر اعظم نے ثابت کردیا اس کی فارم برقرار ہے، بابر اعظم کے ساتھ دوسرے اینڈ پر کوئی کھڑا ہو تو وہ فنیش کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بابر کے ساتھ دیر تک کھڑے ہونا والا کوئی کھلاڑی ہونا چاہیے، بابر نے تین میچز میں تین اچھی اننگز کھیلیں، بدقسمتی سے تینوں میچز میں بولنگ یونٹ نے پاور پلے میں اچھا پرفارم نہیں کیا، ہماری بولنگ کولپس ہو رہی ہے۔
شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ اس ٹیم کو وقت دینا پڑے گا اگر بڑے ایونٹ کو جیتنا ہے، نیوزی لینڈ کو ان کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دینا آسان نہیں ہوتا، ایمانداری کی بات ہے سیریز کی تیاری پوری کی تھی۔قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ تبدیلیاں اس وجہ سے کر رہے ہیں کہ ورلڈ کپ سے قبل بہترین کمبینیشن بنا سکیں، ورلڈ کپ سے قبل بہترین 11 اور بیسٹ 15 کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ صائم ایوب بڑا اسٹار بن سکتا ہے، نوجوانوں کے لیے اس کنڈیشن میں فارم کرنا آسان نہیں ہوتا، اعظم خان ڈومیسٹک کا بہترین کھلاڑی ہے، نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیں گے تو فائدہ ہو گا۔
کپتان نے یہ بھی کہا کہ اگلے دو میچز میں جو بینچ پر بیٹھے ہیں ان کو موقع دے سکتے ہیں، کرائسٹ چرچ کی پچ دیکھ کر فیصلہ کریں گے، حارث رؤف بہتر بولر ہے، آج ہنری کو بھی پچاس رنز پڑے ہیں، ٹی ٹوئنٹی میں 40 یا 50 رنز پڑ سکتے ہیں، شکست کے بعد ایسی باتیں ہوتی ہیں، جب جیت جاتے ہیں تو کہتے ہیں یہ بہترین بولر ہے۔